بھارت میں بیٹے کی امتحان میں ناکامی پر والد کا بھرپور جشن

ویب ڈیسک  جمعـء 18 مئ 2018
بیٹے کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب سجائی گئی،فوٹو: بھارتی میڈیا

بیٹے کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب سجائی گئی،فوٹو: بھارتی میڈیا

بھوپال: بھارت میں ایک لڑکے کی میٹرک کے امتحان میں ناکامی پر اس کے والد نے خفا ہونے کے بجائے بیٹے کے اعزاز میں جشن کی تقریب سجالی۔

بھارتی میڈیا  کے مطابق یہ منفرد تقریب بھوپال میں ایک سول کنٹریکٹر نے اپنے بیٹے کے لیے منعقد کی جس کا مقصد بیٹے کو فیل ہونے پر اسے کوسنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ہر گھنٹے میں ایک طالبعلم کی خود کشی

تقریب میں آتش بازی کی گئی اور مہمانوں کی مٹھائی سے تواضع کی گئی۔ سول کنٹریکٹر نے کہا کہ یہ سب کچھ وہ اپنے بیٹے کے بہترین مستقبل کے لیے کررہا ہے کیونکہ عمومی طور پر امتحان میں ناکامی پر والدین بچوں کو ڈانٹتے ہیں اور ان کی اس قدر حوصلہ شکنی کرتے ہیں کہ وہ دل گرفتہ ہوکر خودکشی جیسے ہولناک اقدام پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

لڑکے کے باپ نے مزید کہا کہ میری یہ تقریب ان سب بچوں اور والدین کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ بورڈ کے امتحان میں فیل  ہونے سے زندگی ختم نہیں ہوجاتی بلکہ ایک بار ناکامی کے بعد دوبارہ کامیابی کے لیے کوشش کی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر بیٹے نے والد کی طرف سے حوصلہ افزائی کرنے پر وعدہ کیا کہ وہ اگلے برس بھرپور محنت کرکے اچھے نمبروں سے امتحان پاس کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔