BAHAWALPUR:
چین کے صوبے سیچوان میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہےجب کہ 11500 سے زائدزخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صوبے سیچوان گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور اب تک 1100 جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے باعث ضلع لوشان سب سے زیادہ متاثر ہواہے جہاں بجلی اور مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ مٹی کے تودے گرنے اور آفٹر شاکس کی وجہ سے امدادی کارکنوں کی متاثرہ علاقے میں رسائی کے راستے بھی بند ہوگئے ہیں ۔
زلزلےسے تباہ شدہ دیہات میں ملبےسے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کےلئے 6000 سے زائد فوجی اور پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ معمولی زخمیوں کو محفوظ مقامات پر لگائے گئے مراکز میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے ایک ہزار سے زائد افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مئی 2008 میں اسی صوبے میں آنے والے زلزلے میں 90 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔