حکومت ہر ماہ بجلی کے بلوں کے ذریعے صارفین سے 15ارب روپے وصول کرنے لگی

طالب فریدی  ہفتہ 19 مئ 2018
حکومت صارفین سے ٹی وی فیس سمیت متعدد ٹیکسوں کی مد میں ساڑھے 12 سے 15 ارب روپے تک وصول کررہی ہے فوٹو:فائل

حکومت صارفین سے ٹی وی فیس سمیت متعدد ٹیکسوں کی مد میں ساڑھے 12 سے 15 ارب روپے تک وصول کررہی ہے فوٹو:فائل

لاہور: حکومت ہر ماہ صارفین سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹی وی فیس، نیلم جہلم سرجارج،  انکم  و جنرل سیلز ٹیکس،  ایڈوانس ٹیکس، ایکسٹرا ٹیکس، میٹر رینٹ، الیکٹریسٹی ڈیوٹی سمیت دیگر ٹیکسوں کی مد میں ساڑے12 ارب سے لےکر 15 ارب روپے وصول کر رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق  لیسکو، فیسکو، گیپکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین ہر ماہ بجلی کے بلوں سے زائد رقم ٹیکسوں کی مد میں سرکاری خزانے میں جمع کرا دیتے ہیں۔ صارفین نےسب سے زیادہ رقم جی ایس ٹی کی مد میں 7 ارب 42 کروڑ 52 لاکھ 50 ہزار روپے، انکم ٹیکس کی مد میں ایک ارب 91 کروڑ 11 لاکھ 40 ہزار، بل بروقت جمع نہ کرانے پر، 62 کروڑ 20 لاکھ 43 ہزار ، سیلز ٹیکس کی مد میں 13 کروڑ 92 لاکھ روپے،  نیلم جہلم سرجارج کی مد میں 1 ارب 51 کروڑ 61 لاکھ 20 ہزار روپےاداکیے۔

جبکہ ایڈوانس اور ایکسٹرا ٹیکس کی مد میں 4ارب 20 کروڑ 62 لاکھ 20 ہزار روپے،  ٹی وی فیس اور الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی مد میں 46 کروڑ 70 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے گے جبکہ میٹر رینٹ سیزنل جارج میں بھی صارفین سے 22 کروڑ روپے سے زائد رقم بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کی جارہی ہے صارفین مجموعی طور پر ساڑھے بارہ ارب سے لے کر 15 ارب روپے بلوں سے زائد ٹیکس ہر ماہ ادا کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔