فلسطین نے اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 22 مئ 2018
فلسطینی وزیر خارجہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے گزشتہ روز پہنچے ہیں۔ فوٹو : اے پی

فلسطینی وزیر خارجہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے گزشتہ روز پہنچے ہیں۔ فوٹو : اے پی

یروشلم: فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المکی اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے تحت تحقیقات کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے ہالینڈ پہنچ گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی گزشتہ روز دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت پہنچ گئے ہیں جہاں وہ عالمی عدالت سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کے خلاف اور اسرائیلی جارحیت کی تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ اس حوالے آج وہ عالمی فوجداری قانون کی  پراسیکیوٹر فاتو بینسوڈا سے بھی ملاقات کریں گے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گے بیان کے مطابق وزیر خارجہ ریاض المکی بین الاقوامی فوجداری قانون کی پراسیکیوٹر سے ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ دم صورت حال سے آگاہ کریں گے اور بالخصوص فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری سے متعلق عالمی قوانین کے تناظر میں گفت و شنید بھی کریں گے۔ بعد ازاں وزیر خارجہ عالمی عدالت کے باہر میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت 2015 سے فلسطینی علاقوں میں مبینہ جرائم کے خلاف ابتدائی تحقیقات کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہے۔ تحقيقات میں اسرائیل کی آباد کاری پالیسی اور 2014 کے غزہ تنازعے میں فریقین کی طرف سے کیے جانے والے مبینہ جرائم کے معاملات بھی شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔