پریانکا چوپڑا روہنگیا بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 مئ 2018
اداکارہ پریانکا چوپڑا 2016 سے بین الاقوامی ادارے یونیسیف کے ساتھ بطور سفیر کام کررہی ہیں فوٹو:انسٹاگرام

اداکارہ پریانکا چوپڑا 2016 سے بین الاقوامی ادارے یونیسیف کے ساتھ بطور سفیر کام کررہی ہیں فوٹو:انسٹاگرام

ڈھاکہ: ناموربالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں بنگلہ دیش کے دورے پرہیں جہاں انہوں نے روہنگیا کے مظلوم مسلمان مہاجرین سے ملاقات کی اوران کے ساتھ بہترین وقت گزارا۔

حال ہی میں پریانکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پردوخوبصورت ویڈیوزشیئرزکی ہیں جن میں وہ مسلمان مہاجرین بچوں کے ساتھ بالکل ایسے گھل مل گئیں جیسے انہیں برسوں سے جانتی ہوں جب کہ بچے بھی اپنی تمام پریشانیاں بھلا کرپریانکا کے ساتھ کھیلنے میں مصروف نظرآرہے ہیں۔ اس موقع پرپریانکا مقبول ترین اداکارہ کے بجائے ایک درد مند خاتون نظرآرہی ہیں جس کے دل میں مذہب، نسل اورقومیت سے ہٹ کرانسانیت کے لیے درد اوربے پناہ محبت ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پریانکا چوپڑاکی مظلوم روہنگیا مہاجرین سے ملاقات

ویڈیو کے ساتھ پیغام شیئرکرتے ہوئے پریانکا کا کہنا تھا کہ میں نے روہنگیا کے مظلوم بچوں کے ساتھ چند گھنٹے گزارے اوراس دوران ان سے بہت کچھ سیکھنے کوملا، ان چند گھنٹوں میں میں بھول گئی کہ کہاں پرہوں اوربچوں کے ساتھ بچی بن گئی۔

دوسری ویڈیومیں پریانکا کوچند ماہ کی بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پریانکا نے لکھا یہ ننھی شاہدہ ہے جس کی عمرمحض 8 ماہ ہے، اس معصوم بچی کی خوبصورت مسکراہٹ نے میرا دل چرالیا، اس کی ماں کی عمرصرف 19 سال ہے اورجب یہ روہنگیا سے پیدل سفر کرکے بنگلہ دیش آئی تو 6 ماہ کی حاملہ تھی، ان بچوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ پریانکا چوپڑا کی روہنگیا کے مظلوم بچوں کے ساتھ محبت اوراپنایئت کی سوشل میڈیا پرتعریفیں کی جارہی ہیں اور صارفین کی جانب سے ان کے نیک کام کو سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑابین الاقوامی ادارے یونیسیف کے ساتھ 2016 سے بطورسفیرکام کررہی ہیں اور یونیسیف کی ٹیم کے ساتھ غریب اورمظلوم لوگوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرنے کے لیے مختلف ممالک کا دورہ کرتی ہیں جبکہ گزشتہ برس بھی وہ اردن میں مقیم مظلوم شامی مہاجرین سے ملنے گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔