پاک فوج کا سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کیخلاف تحقیقات کا حکم

ویب ڈیسک  پير 28 مئ 2018
اسد درانی نے جی ایچ کیو میں اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ میں درج مندرجات پر وضاحت دی۔ فوٹو : فائل

اسد درانی نے جی ایچ کیو میں اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ میں درج مندرجات پر وضاحت دی۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: پاک فوج نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی  لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے متنازع مندرجات کی وضاحت کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی پیش ہوئے۔

بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کو ان کی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے مندرجات سے متعلق وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

’’ تحقیقات کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے ‘‘

ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹوئٹ کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے، اس کے علاوہ اسد درانی کانام ای سی ایل میں ڈالنےکے لیے مجازاتھارٹی سے بھی رابطہ کرلیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے 25 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اسد درانی نے اپنی کتاب میں بہت سے موضوعات حقائق کے برعکس بیان کیے ہیں، ان کے اس عمل کو فوجی ضابطہ کار کی خلاف ورزی کے طور پر لیا گیا ہے اور ان قوائد کا اطلاق حاضر سروس اور (ریٹائرڈ) تمام فوجی اہلکاروں پر ہوتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں ؛ پاک فوج کو اسد درانی کی کتاب پر تحفظات

واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ اے ایس دولت کے ساتھ  ’دا اسپائی کرونیکلز‘ کے نام سے کتاب لکھی ہے جس میں ایبٹ آباد آپریشن، مقبوضہ کشمیر اور کارگل سمیت دیگر معاملات کو بیان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔