کراچی میں پارہ آج 45 ڈگری پر جانے کا امکان گرمی کی لہر 3 دن جاری رہے گی

بالائی سندھ پرہواکے کم دباؤسے کراچی کی سمندری ہوائیں3روزکے دوران بندیامتاثرہوسکتی ہیں، محکمہ موسمیات


Staff Reporter May 29, 2018
گرمی کی لہرکے بعدجمعے سے درجہ حرارت پھرمعمول پرآجائیگا،ڈائریکٹر عبدالرشید۔ فوٹو : فائل

MULTAN: کراچی میں آج گرمی کا پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے جب کہ گرم اور خشک موسم کی نئی لہر اگلے3 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ پر ہوا کا کم دباؤ پھر متحرک ہوچکا ہے جو سمندر کی ہواؤں کو آئندہ 3 روز کے دوران مکمل طور پر بند یا روک سکتا ہے۔ جس کے نتیجے میں کراچی سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کے بجائے شمال مغربی ہواؤں کی زد میں رہے گا اور 29 مئی سے31 مئی تک درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بلند رہے گا۔

گرمی کی موجودہ لہر کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اتوار کو ایک الرٹ جاری کیا ہے موجودہ گرمی کی لہر کو بھی محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو سینٹر مانٹیر کرے گا ہیٹ ویو ایڈوائزری سروس کے مطابق آج (منگل) کو شہر کا پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کی غیر معمولی حد کو چھوسکتا ہے جبکہ بعدازاں اگلے 2 روز کے دوران بھی گرمی کا پارہ 42 اور 40 ڈگری سینٹری گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

گزشتہ روز سمندری ہوائیں منقطع رہیں اور بلوچستان کی سمت سے شمالی ہوائیں چلیں صبح کے وقت غیر معمولی طور پر بڑھ جانے والی نمی کے تناسب میں بعدازاں دن بھر اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ سے درجہ حرارت اصل سے کئی ڈگری زیادہ محسوس کیا گیا گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کے مطابق 3 روزہ گرمی کی شدید لہر کے بعد یہ امید ہے کہ جمعے سے درجہ حرارت پھر معمول پر آنا شروع ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تغیر کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے 2015 کے دوران ماہ رمضان میں ہزاروں اموات کا سبب بننے کے بعد اب شدید گرمی کے حوالے سے ہر سال قبل ازوقت اقدامات اٹھائے جاتے ہیں اور ایسے شدید موسم میں ذمے دار ادارے ایک دوسرے سے منسلک ہوجاتے ہیں جس کے دوران یہ کوشش کی جاتی ہے کہ بروقت انتظامات اور عوامی آگاہی کو ممکن بنایا جائے تاکہ گرم موسم کے مضراثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔