بھارتیوں کودہشتگرد دکھانے پر پریانکا چوپڑا نے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  اتوار 10 جون 2018
انتہا پسند ہندوؤں نے پریانکا کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کردیا (فوٹو: فائل)

انتہا پسند ہندوؤں نے پریانکا کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کردیا (فوٹو: فائل)

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ اور سابق ملکہ حسن پریانکا چوپڑا نے امریکی ٹی وی شو ’کوانٹیکو سیزن3‘ میں بھارتی قوم پرستوں کو دہشت گرد دکھانے پر معافی مانگ لی جبکہ شدت پسند ہندوؤں نے انہیں پاکستانی بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنے امریکی ٹی وی شو ’کوانٹیکو سیزن 3‘ کی گزشتہ ہفتے نشر ہونے والی قسط کے باعث شدید مشکل میں ہیں۔ یکم جون کو نشر ہونے والی قسط میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھایا گیا تھا جو نیویارک کے شہر مین ہٹن میں ہونے والے پاک بھارت اجلاس میں نیو کلیئر حملہ کرنے اور اس سازش کا الزام پاکستان پر لگانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’کوانٹیکو‘ میں ہندوقوم پرستوں کو دہشتگرد دکھانا پریانکاچوپڑا کو مہنگا پڑگیا

اس قسط کے نشر ہونے کے بعد متعصب بھارتیوں نے پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پریانکا ایسے شو میں کس طرح کام کرسکتی ہیں جس میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھایا جاتا ہے، بعض صارفین نے ان کی حب الوطنی پر سوال اٹھائے جب کہ ٹوئٹر پر ’شرم کروپریانکا چوپڑا‘کے نام سے ہیش ٹیگ بھی  ٹرینڈ کررہا ہے۔

پریانکا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انتہا پسند جماعت ہندو سینا کے کارکنوں نے اداکارہ کی تصاویر نذر آتش کیں اور انہیں پاکستانی بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔ مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ پریانکا کی فلموں اور جن مصنوعات کی تشہیر میں وہ کام کریں ان کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔

بےتحاشہ تنقید اور بھارتیوں کے متعصب رویے کے بعد پریانکا چوپڑا نے گزشتہ روز معافی مانگتے ہوئے کہا’’کوانٹیکو کی حال ہی میں نشر ہونے والی قسط سے جن لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں میں ان سب سے معافی مانگتی ہوں، میرا ارادہ کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا، میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’کوانٹیکو‘ کا یہ تیسرا اور آخری سیزن ہے جس میں پریانکا چوپڑا ایف بی آئی ایجنٹ کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔