چند سیکنڈ میں فولڈ ہوجانے والی ای اسکوٹر

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
مائلو ای اسکوٹر کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ فولڈ ہوسکتی ہے۔ فوٹو: بشکریہ مائلو ای اسکوٹر کمپنی

مائلو ای اسکوٹر کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ فولڈ ہوسکتی ہے۔ فوٹو: بشکریہ مائلو ای اسکوٹر کمپنی

کیلیفورنیا: امریکا میں ایک کمپنی نے چند سیکنڈ میں فولڈ ہونے والی 21 کلو گرام وزن کی حامل منفرد اسکوٹر متعارف کرادی

’مائلو ای‘ نامی اسکوٹر بطورِ خاص شہری ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے بنائی گئی ہے اس موٹر سائیکل کو تین مختلف رفتاروں پر دوڑایا جاسکتا ہے اور یہ چند سیکنڈ میں سکڑ کر اپنی اصل جسامت کے تیسرے حصے کے برابر سمٹ جاتی ہے۔

تیزرفتار شہروں میں لوگ بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں لیکن بس اور ٹرین اڈوں تک پہنچنے کے لیے کوئی سواری درکار ہوتی ہے۔ مائلو ای اسکوٹر اسی کمی کے تحت بنائی گئی ہے کیونکہ اسے سکیڑ کر آپ بس میں اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔

مائلو فولڈنگ ای اسکوٹر کا وزن صرف 21 کلوگرام ہے جسے کار کی ڈکی میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ سکڑنے کے بعد اس کی جسامت 15 x 20 x 41  انچ رہ جاتی ہے۔ اسکوٹر کے آگے دو پہیئے ہیں جس کے اندر تیسرا پہیہ تہہ ہوجاتا ہے اور یوں یہ اسے فوری طور پر ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔

مائلو ای اسکوٹر میں بیٹریاں نصب ہیں جو مختصر فاصلے تک پہنچانے کا کام کرتی ہیں ۔ ایک مرتبہ چارج ہونے پر 36 وولٹ کی بیٹری 24 کلومیٹر دوری تک جاسکتی ہے۔ ایک اور بیٹری لگا کر یہ فاصلہ دگنا کیا جاسکتا ہے۔ تین پہیوں والی اسکوٹر کی زیادہ سے زیادہ رفتار 29 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آگے کے دو پہیئے لچک دار فریمز سے جڑے ہیں جو اسکوٹر کو مڑنے اور راستہ کاٹنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس میں 250 واٹ کی موٹر اور ہائیڈرولک ڈسک بریکس لگائے گئے ہیں۔

موٹر سائیکل کی تیاری کے لیے اس وقت کراؤڈ فنڈنگ کی جارہی اور اس کی قیمت 1500 ڈالررکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔