قصبہ کالونی لیاری میں3دھماکے5افراد جاں بحق75زخمی

اسی علاقے میں دوسرا دھماکاامام بارگاہ پرہوا،ایک جاں بحق،45زخمی،3گھر،متعدددکانیں تباہ


Staff Reporter April 28, 2013
قصبہ کالونی میں بم دھما کوں کے بعد جائے وقوع پر ہونے والی تباہی کا منظر ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی کے علاقوںقصبہ کالونی اورلیاری میں3بم دھماکوں کے نتیجے میں معصوم بچی سمیت5افرادجاں بحق اور75زخمی ہوگئے۔

قصبہ کالونی ڈھائی نمبرپرمتحدہ قومی موومنٹ کے دفترکے قریب سوزوکی پک اپ گاڑی کے عقب میں نصب ٹائمر بم دھماکاکیاگیا،اسی علاقے میں امام بارگاہ پربھی نصب بم زورداردھماکے سے پھٹ گیا، تیسرادھماکالیاری کے علاقے کمہارواڑہ میں پیپلزپارٹی کی کارنرمیٹنگ کے قریب کھڑی موٹرسائیکل میں ہوا ،لیاری میں زخمی ہونیوالے افرادمیں پیپلزپارٹی کے امیدوار عزیزمیمن اور عدنان بلوچ بھی شامل ہیں،شہرمیں روزداردھماکوں کی گونج کیساتھ ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات کاسلسلہ بھی جاری رہا۔

جس کے نتیجے میں 11افرادہلاک جبکہ قاتلانہ حملے میں جعفریہ الائنس سپریم کونسل کے رکن علامہ باقرحسین زیدی زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں واقع ایم کیو ایم کے یونٹ 132آفس کے قریب کھڑی سوزوکی پک اپ کے عقب میں نصب بم زورداردھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5 سالہ اکبر، 18 سالہ زین ،50 سالہ کامران،40 سالہ رباب ،30 سالہ ذوہیب ، سید راجا ،30 فرزانہ ،25 محمد سلیم ، علی ،30 حضیفہٰ ، راشد ، 27 سالہ ذوالقرنین ،جاوید ، محمد فاروق ، علی عثمان ، محمد فاروق ، سید اطہر علی ، انیس ، عاشق حسین،عبد الیئق،افتخار ، 11 سالہ رقیہ دختر انیس ، 8 سالہ علی ، اس کا بڑا بھائی 10 سالہ یاسر ، شعیب سمیت 45 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کو قطر،عباسی شہید اور دیگر نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،ہلاک ہونے والے کی شناخت35 سالہ سالہ اسلم انجم کے نام سے کر لی گئی،مقتول چار بچوں کا باپ اور مکان نمبر 122 قصبہ کالونیA ایریا اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا،دھماکے کے نتیجے میں جامع مسجدحمدشہیدجبکہ متحدہ قومی موومنٹ یونٹ آفس،3سے زائدمکانات اور ایک درجن سے زائددکانیں مکمل طور پر کھنڈربن گئیں،دھماکے کی آواز اتنی زوردارتھی کہ نارتھ ناظم آباد اور شاہ فیصل کالونی سمیت نصف سے زائدشہر میں سنی گئی ۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعددھوئیں کے بادل چھا گئے اورجب بادل چھٹے تو ہر طرف چیخ پکار مچی ہوئی تھی جگہ جگہ خون تھا ، قیامت صغرا کا منظر تھاہرشخص افرا تفری کے عالم میں ادھر ادھر اپنے پیاروں کوچیخ چیخ کرپکار رہا تھا۔

دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد نصف کلو میٹرکے فاصلے پر ایم کیو ایم کے امیدوارمظاہرامین کے گھر کے قریب مسجد علی رضاامام بارگاہ پرنصب بم بھی زور دار دھماکے سے پھٹ کیاجس کے نتیجے میں مسجدعلی رضا کے قریب بیٹھے ہوئے5 افرادزخمی ہوگئے۔مذکورہ واقعے کے بعد رینجرز کی نفری نے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاجبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قصبہ کالونی بم دھماکے سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ کلا کوٹ تھانے کی حدود لیاری میوہ شاہ روڈ کمہار واڑہ ہری مسجد کے قریب پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کیلیے لگائے گئے کیمپ کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اسٹیج پرموجود پیپلز پارٹیPS-111کے امیدوار عدنان بلوچ اورNA-249 کے امیدوار عزیز میمن ، لتیفہ ، شہزاد ، سکندر ، سہیل ، کلثوم زہرہ ، سمیت30 سے زائدافراد زخمی اور کمسن بچی سمیت4 افراد ہلاک ہوگئے۔سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑنے ایکسپریس کو بتایا کہ سول اسپتال میں 6 سالہ مسکان اور30 سالہ کامران کچھی کی لاشیں لائی گئی تھیں۔



لیاری بم دھماکے میں2 افراد کی لاشیں سول اور2 کی لیاری جنرل اسپتال پہنچائی گئیں جبکہ 14 زخمیوں کو لیاری جنرل اور16 کو سول اسپتال لایا گیا ۔سول اسپتال میں نامعلوم افراد نے میڈیا کے نمائندوں کو کوریج سے روکنے کیلیے تشدد کا نشانہ بنایا ۔لیاقت آبادکے علاقے ڈاکخانہ شکیل کٹ کے قریب پان کی کیبن کے ساتھ کالے رنگ کے مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع پرعلاقہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اوربم ڈسپوزل اسکواڈکوطلب لیاجبکہ شہریوں کومشکوک بیگ سے دوررہنے کی ہدایت کردی تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈنے موقع پرپہنچنے کے بعدمشکوک بیگ کی تلاشی کی تو بیگ میں سے ایک موبائل فون،بیٹری اورتاریں برآمدہوئیں جومصنوعی تھیں جس کے بعدبم ڈسپوزل اسکواڈنے علاقے کوکلیئرقراردیدیا۔ایس ایچ او تھانہ سپر مارکیٹ انضارعالم کے مطابق مصنوعی بم رکھنے جانے کامقصدعلاقے میں خوف وہراس پھیلاناتھا۔شہرمیں دھماکوںکی گونج کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ بھی جاری رہا۔

لیاقت آبادمیں جعفریہ الائنس سپریم کونسل کے رکن علامہ باقرزیدی کی گاڑی پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے علامہ باقرزیدی زخمی جبکہ ان کامحافظ ہلاک ہوگیا۔لیاقت آبادکے علاقے سپرمارکیٹ تھانے کی حدودگجرنالے پرزیڈایم سی آفس کے سامنے جعفریہ الائنس سپریم کونسل کے رکن علامہ سیدباقرحسین زیدی اپنے محافظ کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوارملزمان نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں باقرزیدی بازوپرگولی لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ ان کامحافظ کانسٹیبل40سالہ سیدمحمد قاسم جعفری سر میںگولی لگنے سے جاں بحق ہوگیاوہ رضویہ سوسائٹی کارہائشی تھا۔سپرمارکیٹ پولیس کے مطابق علامہ باقرکی گاڑی جیسے ہی زیڈایم سی دفترکے قریب پہنچی تو2موٹرسائیکلوں پرسوار4ملزمان نے ان پرفائرنگ کردی۔

کورنگی کے علاقے زمان ٹائون4نمبرپرنامعلوم افراد نے مکان نمبرC-63 میں گھس کرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں70سالہ حاجی محمد اکرم ہلاک ہوگیا،کورنگی پولیس کے مطابق مقتول جرائم پیشہ تھااور حال ہی میں جیل سے رہا ہوکر آیا تھا،پولیس نے مقتول کے بیٹے عمران کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 75/13 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔رضویہ کے علاقے زمیندارہوٹل کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ حسن کشمیری ہلاک ہوگیا، مقتول مجلس وحدت المسلمین کا کارکن اورعلاقے کاہی رہائشی تھا،مقتول پرقتل سمیت متعدد کیسزدرج تھے اور وہ پولیس کو مطلوب تھا،مقتول کی لاش لے جاتے وقت نامعلوم افرادنے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میڈیکل اسٹورکامالک محمداکبرزخمی ہوگیا،واقعے کے بعدعلاقے میں دکانیں وکاروباری مراکز بندہوگئے۔ نیوکراچی صنعتی ایریامیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے40سالہ شخص ہلاک ہوگیاجس کی شناخت نہیں ہو سکی،مقتول حلیے سے مزدورلگتاہے۔اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹرساڑھے گیارہ بے نظیرکالونی میں نالے کے قریب سے تشددزدہ لاش ملی،مقتول کی شناخت45سالہ محمدطارق کے نام سے ہوئی جوضیاالحق کالونی سیکٹر12-Aاورنگی ٹائون کارہائشی تھا، مقتول پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھااورجمعہ کی صبح گھرسے حسب معمول نکلا تھا۔

جس کے بعد واپس نہیں آیا،نامعلوم ملزمان نے اسے شدیدتشددکانشانہ بنایااورسرپربھاری چیزکے وارکیے جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔منگھوپیرکے علاقے پختون آبادمیںنامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے40سالہ غلام عباس ہلاک ہوگیا،مقتول پختون آبادمیں واقع دودھ کی دکان پرملازم تھااوروقوع کے وقت وہ دکان پربیٹھاکہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔گولیمارچورنگی پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25سالہ مہتاب زخمی ہوگیا۔ نیوگولیمار میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرڈاکوئوںکی فائرنگ سے 22سالہ عامرزخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لیاقت آباد10نمبر کے میں نامعلومملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اسی مقام پر ایک موٹر سائیکل پر سوارشخص بے قابو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک جبکہ موٹر سائیکل پر سواردوسرا شخص زخمی ہو گیا، ہلاک اورزخمی ہونے والے شخص عباسی شہیداسپتال پہنچایا دیا گیا۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ کامران کے نام سے ہوئی،مقتول لیاقت آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے،مقتول کے کپڑوں سے ایک کارڈ ملاہے جس میں مقتول انجیئرنگ سروسز ڈپارٹمنٹ ہیڈ آف فنانس لکھا ہوا ہے۔دوسری جانب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ ناصر خان کے نام سے کی گئی جولیاقت آبادنمبر پانچ کا رہائشی ہے۔شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا خان پل کے قریب کالا چھبڑاکے قریب فائرنگ سے2 افراد افراداور 4زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیاہلاک ہو نے والے ایک شخص کی شناخت 45سالہ طاہرعلی کے نام سے کر لی گئی جبکہ ہلاک ہونے والے دوسرے 45 سالہ نامعلوم شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔ زخمیوں میں 24 سالہ سید اکرم شاہ، 25 سالہ شہزاد ،26سالہ اسلم اور25 سالہ طاہر شامل ہیں۔کلفٹن بلاک 5میں خالی پلاٹ میں 55سالہ شخص کوسر پرپتھرمارکرقتل کردیاگیاجس کی شناخت یوسف کے نام سے ہوئی ہے جو واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشن کاچوکیدار ہے فارغ اوقات میں رکشا چلایا کرتاتھا۔عیسیٰ نگری میکاسا اپارٹمنٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے منیر ہلاک اور وسیم زخمی ہوگیا۔