سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کے انتخابات میں حصہ لینے کا حکم واپس لے لیا

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
سپریم کورٹ نے  پرویز مشرف کو آج دوپہر 2 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو آج دوپہر 2 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔ فوٹو: فائل

لاہور: سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے انتخابات میں حصہ لینے کا حکم واپس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے پرویز مشرف کی طلبی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کی جگہ ان کے وکیل قمر افضل پیش ہوئے۔

’’ پرویز مشرف  پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں ‘‘

چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ پتہ کریں پرویز مشرف آرہے ہیں یا نہیں کیونکہ عدالتی عملے کو بھی عید الفطر کی چھٹیوں پر جانا ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ان کی پرویز مشرف سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگی ہے، وہ پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن عید کی تعطیلات اور موجودہ حالات کے پیش نظر سفر نہیں کر سکتے، پرویز مشرف نے استدعا کی ہے کہ عدالت انہیں پاکستان آنے کی مہلت دے۔

چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی اجازت واپس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ٹھیک ہے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہیں جب آپ کہیں گے تب کیس لگا دیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے  سابق صدر پرویز مشرف کو آج دوپہر 2 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔