سلمان خان کے بہنوئی ایوش شرما کی فلم ’ لوراتری‘ کا ٹیزر جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
فلم’لوراتری‘ رواں سال 5 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

فلم’لوراتری‘ رواں سال 5 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’لوراتری‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

بالی ووڈ سلطان سلمان خان انڈسٹری میں نئے چہروں کو متعارف کرانے کی وجہ سے ایک الگ شناخت رکھتے ہیں اور اس بار سلو میاں نے اپنی بہن ارپیتا خان کے شوہر آیوش شرما کو بالی ووڈ میں متعارف کرنے کی ٹھانی تھی اور چونکہ یہ فلم سلمان خان کی اپنی پروڈکشن میں ہی بن رہی ہے اس لیے وہ اس فلم کو لے کر بہت پرجوش تھے اور اب فلم کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی اپنی پروڈکشن میں بنے والی فلم ’لوراتی‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے جس میں ان کے بہنوئی ایوش شرما ڈیبیو کررہے ہیں۔ ٹیزر میں سلمان خان نے خود اپنی آواز میں فلم کی مختصر کہانی بیان کی ہے جسے سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جارہا ہے جب کہ ایک منٹ کے اس ٹیزر کو سوشل میڈیا پر صرف ایک دن میں پونے تین لاکھ صارفین دیکھ چکے ہیں۔

خود اداکار ایوش شرما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ فلم ہمیشہ ہمارے دل کے قریب رہے گی،اُمید کرتا ہوں کہ یہ فلم آپ سب کو پسند آئے گی۔

ایوش شرما کی ڈیبیو فلم کے ٹیزر کو نہ صرف سوشل میڈیا صارفین نے پسند کیا بلکہ بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا گیا۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کا ٹیزر ‘ بہت اچھا ہے اور سب کو میرا پیار۔

ورون دھون نے بھی اپنی ٹویٹ میں کہا کہ فلم کے ٹیزر میں ایوش شرما واقعی بہت اچھے لگ رہے ہیں۔

https://twitter.com/Varun_dvn/status/1007200123963621377

معروف ہدایت کار کرن جوہر نے ایوش شرما کو خوش آمید کہتے ہوئے کہا کہ ’یہ فلم زندگی اور توانائی سے بھرپور ہے۔

واضح رہے کہ فلم میں ہندوؤں کے تہوارنوراتری کے درمیان ہیرو اور ہیروئن کے درمیان محبت دکھائی گئی ہے۔ فلم کی کہانی نارائن بھٹ نے تحریرکی ہے جو رواں سال 5 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔