لندن میں کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص کی گھسنے کی کوشش

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 جون 2018
مشتبہ شخص سیکیورٹی والوں کو بے وقوف بنا کر کمرے میں چلا گیا، حسن نواز۔ فوٹو: ٹوئٹر

مشتبہ شخص سیکیورٹی والوں کو بے وقوف بنا کر کمرے میں چلا گیا، حسن نواز۔ فوٹو: ٹوئٹر

لندن کے اسپتال میں زیر علاج کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص نے گھسنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو پکڑ لیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز بھی کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے لندن میں ہی موجود ہیں۔

کلثوم نواز جس اسپتال میں داخل ہیں وہاں آج صبح ایک مشتبہ شخص نے ان کے کمرے میں گھسنے کی کوشش کی جس کو وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔

حسین نواز کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کسی سے اجازت لیے بغیر کمرے میں گھسا، یہ شخص سیکیورٹی والوں کو بے وقوف بنا کر کمرے میں چلا گیا جب کہ ہم پہلے ہی والدہ کی طبیعت کی وجہ سے پریشان ہیں۔

دوسری جانب کلثوم نواز کے کمرے میں گھسنے والے شخص کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی ہے، مشتبہ شخص کو پولیس نے حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے لیے کئی ماہ سے لندن میں زیر علاج ہیں جب کہ طبیعت مزید خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا،پارٹی ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔