نگراں وزیراعظم کا10مئی سے بلاتعطل بجلی فراہم کرنیکاحکم

3رکنی وزارتی کمیٹی قائم،پاک افواج کوتمام وسائل فراہم کرینگے،ایئرچیف سے گفتگو.


Numainda Express April 30, 2013
گوادر رتوڈیروسڑک ایک سال میں تعمیرکرنیکی ہدایت، سانحہ ڈھاکا پر اظہارافسوس. فوٹو : فائل

DHAKA: وزیراعظم میر ہزار خان کھوسونے توانائی بحران حل کرنے کیلیے کابینہ کی 3رکنی کمیٹی قائم کردی ہے اوروزارت پانی وبجلی کوہدایت کی کہ10مئی کی شام سے ملک بھرمیں بلاتعطل بجلی کی فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے تاکہ پولنگ اورووٹوں کی گنتی کاعمل بغیرکسی رکاوٹ کے مکمل کیاجاسکے۔

یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کیاگیا۔کابینہ کمیٹی وفاقی وزیرپانی و بجلی،وزیرپٹرولیم اورمشیرخزانہ پرمشتمل ہوگی۔کمیٹی کوتوانائی کابحران حل کرنے کےلیے سفارشات تیار کرنے کامینڈیٹ دیاگیاہے۔اجلاس میں بجلی کی طلب،رسداورگیس وبجلی کے نادہندگان سے ریکوری کابھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کی صدارت میں ایک اوراجلاس کے دوران گوادربندرگاہ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیرکابھی جائزہ لیاگیاجس کے دوران وزیراعظم میرہزارکھوسو نے ہدایت کی کہ گوادررتوڈیروسڑک سمیت گوادربندرگاہ کی تمام رابطہ سڑکیں ایک سال میں مکمل کی جائیں۔

ادھرپیرکووزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میرہزار خان کھوسو نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل طاہررفیق بٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ملکی سرحدوں کی نگہبانی کیلیے مسلح افواج کوتمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کیلیے پرعزم ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کھوسونے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکے نام تعزیتی پیغام میں ڈھاکا میں فیکٹری منہدم ہونے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ کااظہارکیا۔