بھارتی سنسر بورڈ کا فلم ’’سنجو‘‘ کے جیل کا اہم سین کاٹنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جون 2018
بھارتی سماجی رہنما نے فلم کے ایک سین پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سنسر بورڈ میں شکایت درج کرائی تھی۔فوٹو: فائل

بھارتی سماجی رہنما نے فلم کے ایک سین پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سنسر بورڈ میں شکایت درج کرائی تھی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارتی سنسر بورڈ نے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کو سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ کے جیل کا اہم سین کاٹنے کا حکم دے دیا۔

بالی ووڈ میں ہر طرف ان دنوں سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’’سنجو‘‘ کا چرچہ ہے جس نے پوری انڈسٹری کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور ہر کسی کی زبان پر بس رنبیر کپور کی تہلکہ خیز اداکاری کی باتیں ہیں کیوں کہ رنبیر کپور نے سنجے دت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بہت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ہے جس سے فلمی حلقوں اور سنجے دت کے چاہنے والوں میں فلم ’’سنجو‘‘ دیکھنے کا تجسس بڑھ گیا ہے لیکن سنسر بورڈ نے ہدایت کار کو فلم کے ایک اہم سین کاٹنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :’’سنجو‘‘15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے غیر موزوں قرار

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ کے ٹریلر میں دکھائے گئے ایک سین پر بھارتی سماجی رہنما پریتھوی مہاسکے نے اعتراض اٹھایا تھا اور فلم کے خلاف سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن میں شکایت درج کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ رنبیر کپور کو جیل کی کال کوٹھری میں بند دکھایا گیا ہے جہاں اچانک ٹوائلٹ میں پانی بھرجاتا ہے اور رنبیر کپور چیخ کر جیل حکام کو آوازیں دیتے ہیں لیکن ان کی پکار کوئی نہیں سنتا۔

پریتھوی مہاسکے نے چیف سینٹرل بورڈ پرسون جوشی کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ اس سین کی وجہ سے بھارتی جیلوں اور جیل حکام کے بارے میں غلط تاثر جائے گا کیوں کہ حکومت اور جیل حکام جیل میں بند قیدیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہیں اٹھاتے اور ہم نے کبھی ایسا کوئی واقعہ نہیں دیکھا جس پر چیف سینٹرل بورڈ نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایت کار کو فلم سے یہ سین کاٹنے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت کی زندگی کے 4 متنازع واقعات جنہیں ’سنجو‘ میں شامل نہیں کیا گیا

ایک انٹر ویو میں فلم ساز راجکمار ہیرانی نے اس سین سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ 1993 کا واقعہ ہے جب سنجو جیل میں تھے اس دوران ممبئی میں بہت تیز بارشیں ہوئی تھیں اور مون سون کی ان بارشوں سے سنجے دت کی جیل کے ٹوائلٹ میں پانی پھر گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔