لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر مشتعل مظاہرین کا حملہ، متعدد افراد زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 1 جولائی 2018

کراچی: پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا اور ڈنڈوں سے ان کے قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 246 لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ بلاول بھٹو خطاب کے لیے لیاری کے دورے پر پہنچے تو جونا مسجد کے مقام پر سیکڑوں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔

نامعلوم مشتعل مظاہرین نے بلاول کے قافلے پر حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی قریب آئی تو اس کو گھیرے میں لے کر شدید پتھراؤ کیا۔ مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے پرچم بھی نذر آتش کردیے۔

اس موقع پر پی پی پی کے کارکنوں اور مظاہرین کے درمیان بھی تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ راستہ نہ ملنے کی وجہ سے بلاول کا قافلہ آگے جانے میں ناکام ہوگیا اور واپس روانہ ہوگیا۔ مشتعل افراد کو روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا تاہم مظاہرین قابو سے باہر رہے اور بلاول کے واپس جانے کے باوجود ان کا احتجاج جاری رہا۔ ڈی آئی جی ساوتھ کے مطابق بلاول زرداری اور ان کے ساتھ موجود دیگر رہنما مراد علی شاہ، شیری رحمان محفوظ رہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے لیکن یہاں کے عوام آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ لوگوں نے شدید گرمی  میں پانی کی عدم فراہمی پر پانی کی بوتلیں لہرا کر مظاہرہ کیا۔ خواتین مٹکے اٹھا کر گھروں کی چھتوں پر احتجاج کرتی رہیں اور پانی دو پانی دو کے نعرے لگائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔