عارضہ قلب میں مبتلا پاکستانی بچی بھارت میں انتقال کرگئی

ویب ڈیسک  منگل 3 جولائی 2018
زینب کے دل میں تین سوراخ تھے، فوٹو: اسکرین گریب

زینب کے دل میں تین سوراخ تھے، فوٹو: اسکرین گریب

نئی دلی: بھارت کے اسپتال میں زیر علاج عارضہ قلب میں مبتلا فیصل آباد کی 7 سالہ بچی انتقال کرگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کی رہائشی زینب کے دل میں تین سوراخ تھے جس کی وجہ سے دل کا ایک حصہ کام نہیں کررہا تھا اور بچی کو علاج کی غرض سے بھارت لے جایا گیا جہاں ننھی زینب کو بھارت کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

فیصل آباد کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی نے زینب کا ابتدائی علاج کرنے کے بعد اسے بھارت میں علاج  کرانے کی تجویز دی تھی، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس خاندان کو بیٹی کے علاج کے لیے مخیرحضرات نے امداد جمع کرکے دی جس کے بعد زینب کو لدھیانا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں گزشتہ رات ڈاکٹرز نے مریضہ کے دل کی سرجری کی۔

آپریشن کے بعد زینب کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی۔

زیب کے والد نے بتایا کہ قانونی کارروائی کے نام پراسپتال انتظامیہ اورپولیس نے ہمیں شدید پریشان کررکھا ہے اور دکھی باپ نے پاکستانی سفارت خانے سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زینب کو پاکستان واپس لانے کے لئے سفارت خانہ میری مدد کرے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن اس معاملے کو دیکھ رہا ہے اور بھارتی حکومت سے زینب کی میت کی حوالگی کاعمل تیزکرنےکی درخواست کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔