کراچی عسکری پارک میں جھولا گرنے سے بچی جاں بحق، 16 زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 15 جولائی 2018

 کراچی: شہر قائد میں پرانی سبزی منڈی پر واقع عسکری پارک میں جھولا گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر واقع شہر کے مشہور تفریحی فیملی پارک میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک جھولا گرنے سے 16 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں جھولے میں سوار افراد سمیت وہ بھی شامل تھے جو جھولا گرنے سے اس کے نیچے دب گئے۔

حادثے میں ایک 8 سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جاں بحق بچی کی شناخت کشف کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک ہونے والی لڑکی کشف کا بھائی بھی زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

karachi askari park 2

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جھولے کے نیچے دبنے والوں کو نکالا اور ذاتی گاڑیوں کے ذریعے اطراف کے اسپتالوں میں منتقل کیا تاہم اتوار کے روز رش ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ جھولا ٹوٹ کر زمین پر گرنے سے زور دار آواز آئی جس کے بعد چیخ و پکار شروع ہوگئی اور لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کرنے کے لیے چلانے لگے۔ قریبی کھڑے لوگوں نے آگے بڑھ کر فوری طور پر متاثرہ مقام سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

حادثے کے بعد تمام جھولے بند کردیے گئے اور پارک کو خالی کرالیا گیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پارک پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ ایس پی گلشن مرتضی بھٹو کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے عسکری پارک کی انتظامیہ کو طلب کرلیا ہے، واقعہ میں غفلت برتنے کا عنصر پایا گیا تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

karachi-askari-park-4

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے جھولا گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا اور ان سے تین دن میں رپورٹ مانگ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔

دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ مانگ لی۔ گورنر نے زخمیوں کے بہترین علاج و معالجے کی بھی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔