وزیراعلیٰ کا لاڑکانہ قمبر کیلیے ڈھائی ارب کے پیکیج کا اعلان

بینظیر یونیورسٹی میں وڈیوکانفرنس کا افتتاح،بلدیاتی انتخابات...


Numainda Express August 13, 2012
بینظیر یونیورسٹی میں وڈیوکانفرنس کا افتتاح،بلدیاتی انتخابات کافیصلہ جلد کرینگے،قائم علی شاہ۔ فوٹو ایکسپریس

NAUDERO: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکٹ حال میں ہوا جس میں صوبائی وزرا آغا سراج درانی ایاز سومرو، میر نادر مگسی، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو سمیت صوبائی محکموں کے سیکریٹریز،ضلع انتطامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ ودیگرکو لاڑکانہ کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں اقلیتی برادری کے وفد نے ہندو پنچایت کے صدر لیکھ راج مل اور تاجر برادری کے وفدنے خیر محمد شیخ و دیگر کی سربراہی میں ملاقات کرکے مسائل سے آگاہ کیا، ہندو پنچایت کے صدر لیکھ راج مل نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ہندو برادری عدم تحفظ کا شکار ہے، اقلیتی برادری کی غریب و مستحق خواتین کو انکم سپورٹ پروگرام کا وظیفہ ایک سال سے بند ہے جبکہ اقلیتی برادری کے لیے ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ اور غریب طلبہ کو اسکالر شپ بھی نہیں دی جارہی۔

تاجر برادری کے وفد نے لاڑکانہ میں اربوں روپے کی زیر التوا ترقیاتی اسکیمیں اور ناکارہ سیوریج کے نظام کی شکایات کیں جس پر اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے بھی اقلیتی اور تاجر برادری کی جائز شکایات کی تائید کی، تاجروں کی شکایات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ شہر کے ہر محلے کیلیے سی سی بلاک کی اسکیم منظور کرتے ہوئے 100ملین روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ وہ صدر کی ہدایت پر ہر ہفتے سندھ کے 2 اضلاع میں کابینہ کا اجلاس بلاکر عوام کے مسائل حل کررہے ہیں۔

انھوں نے لاڑکانہ کی ترقیاتی اسکیموں کو شروع کرنے کے لیے 2 ارب روپے اور قمبر علی خان کیلیے 50کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ بھر کے سیوریج اور ڈرینج نظام کی بہتری کیلیے ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے 150ملین ڈالر کا سافٹ لان لیا جارہا ہے، کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے، پہلے کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر60سے 70موٹر سائیکلیں چھینی جاتی تھیں جو اب کم ہوکر 5یا 10ہوگئیں ہیںِ۔

سندھ حکومت نے حالیہ بجٹ میں 25ہزار ملازمتیں رکھی ہیں جو جلد دی جائیں گی جبکہ سندھ میں پانی کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا ، اس سال بمپر فصل ہوگی، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون بنانا آسان نہیں ہے ، یہ آئین بنانے کے مترادف ہے ، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہورہے ہیں، جلد معاملات طے پانے کے بعد وہ خود اور گورنر سندھ حتمی فیصلہ کرینگے، ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہندو برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، گھوٹکی واقع میں خود وہاں گیا ، صدر نے بھی نوٹس لیا جبکہ متعلقہ ڈی آئی جیز کو بھی رپورٹ دینے کی ہدایات کیں ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے قاتلوں میں کچھ مارے گئے ہیں جبکہ عدالت میں بھی مقدمہ چل رہا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد ہی دیکھا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انھیں نواز شریف اور عمران خان سے کوئی مسئلہ نہیں وہ آپس میں نمٹ لیں کافی ہے، اس موقع پر شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حیدر سومرو نے وزیراعلیٰ کو شیلڈ پیش کی، وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی بلاک میں لائیو وڈیو کانفرنس ہال کا افتتاح بھی کیا۔ قبل اذیں وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ اجلاس میں شکایت آنے پر سابق ای ڈی او زراعت کی جانب سے درخت لگانے کی مہم کے دوران بنا درخت لگائے 8کروڑ روپے کے بل بنانے کی انکوائری کے احکامات دیتے ہوئے جلد رپورت پیش کرنے کے احکامات دیے۔