صدی کا طویل ترین چاند گرہن ’’بلڈ مون ایکلپس‘‘ کل ہو گا

خبر ایجنسی  جمعرات 26 جولائی 2018
چاند 103 منٹ کے لئے مکمل طور تاریکی میں جانے سے قبل سرخی میں نہا جائے گا۔ فوٹو: فائل

چاند 103 منٹ کے لئے مکمل طور تاریکی میں جانے سے قبل سرخی میں نہا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پیرس: صدی کا طویل ترین چاند گرہن جس کو سائنسدانوں نے ’’بلڈ مون ایکلپس‘‘کا نام دیا ہے (کل) جمعہ کو ہوگا تاہم اس موقع پر مریخ 15سال بعد  چاندکے انتہائی قریب آجائے گا۔

برطانیہ کی رائل اسٹرو نومیکل سوسائٹی کے مطابق یہ بلڈ مون نامی چاند گرہن نصف دنیا میں جزوی یا مکمل طور دیکھا جا سکے گا جو 6 گھنٹے اور 14 منٹ تک جاری رہے گا۔برطانوی وقت (جی ایم ٹی) کے مطابق گرہن 5 بجکر 14 منٹ ( پاکستانی وقت کے مطابق دن دس بج کر 14 منٹ )پر شروع ہو کر 11 بجکر28 منٹ پر ختم ہو گا۔

چاند 103 منٹ کے لئے مکمل طور تاریکی میں جانے سے قبل سرخی میں نہا جائے گا جس کے بعد مکمل طور ساڑھے سات بجے سے گیارہ بجکر 13 منٹ (جی ایم ٹی) تک تاریک رہے گا جو کہ اس صدی کا طویل ترین گرہن شمار ہو گا۔

اس دوران سیارہ مریخ چاند کے نزدیک ترین ہونے کی وجہ سے صاف دیکھا جا سکے گا ، مریخ اس وقت زمین سے کم ترین فاصلے 57.7 ملین کلو میٹر پر ہونے کی وجہ سے روشن اور بڑا نظر آئیگا، اس گرہن کا نظارہ قطب جنوبی کے ممالک میں واضح دیکھا جا سکیگا جن میں جنوبی افریقا ، آسٹریلیا، بھارت اور مڈغاسکر شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔