بغاوت میں ملوث پادری کو رہا نہ کرنے پر امریکی صدر کی ترکی کو دھمکی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جولائی 2018

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ترکی نے مسیحی پادری کو رہا نہیں کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی میں فوجی بغاوت کے جرم میں قید مسیحی رہنما پادری اینڈریو برونسن کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترکی نے ایسا نہیں کیا تو اُسے امریکا کی جانب سے سخت اور بڑے پیمانے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ مسیحی رہنما چرچ کے پادری ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نفیس انسان اور اپنے خاندان کی دیکھ بحال و محبت کرنے والے فرد ہیں جنہیں ترکی میں سخت اذیت اور پریشانیوں کا سامنا ہے چناچہ اپنے عقیدے پر کاربند ایک معصوم شخص کو اب جلد از جلد رہا ہو جانا چاہیئے۔

قبل ازیں امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بھی پادری اینڈریو بروسن کی رہائی کے لیے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے ترکی کو تنبیہہ کی تھی کہ امریکا سے تعلق رکھنے والے مسیحی پادری کو رہا کر ے ورنہ اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

Turky

واضح رہے کہ 2016 میں ناکام فوجی بغاوت میں معاونت کے جرم میں امریکا سے تعلق رکھنے والے پادری کو حراست میں لے لیا گیا تھا تاہم بدھ کے روز عدالت نے امریکی پادری کو جیل سے ان کے گھر منتقل کر کے نظربند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔