واہگہ بارڈر پر پاکستان اور بھارت کے دروازوں کی تبدیلی

آصف محمود  اتوار 29 جولائی 2018
14 اگست سے قبل دونوں ممالک ایک جیسے گیٹس نصب کردیں گے۔ فوٹو : ایکسپریس

14 اگست سے قبل دونوں ممالک ایک جیسے گیٹس نصب کردیں گے۔ فوٹو : ایکسپریس

 لاہور: نئی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی واہگہ بارڈر پر گیٹ بھی تبدیل کیے جائیں گے۔

نئی حکومت کے آغاز سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بھی تبدیلی آگئی ہے۔ دونوں ممالک واہگہ بارڈر لاہور پر  نصب اپنے اپنے پرانے دروازوں کو تبدیل کر کے یکساں ساخت کے نئے دروازے نصب کریں گے۔ دروازوں کی تبدیلی کے عمل کا آغاز لاہور کے واہگہ بارڈر سے شروع ہو گیا ہے جسے 14 اگست سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی سیکیورٹی حکام نے واہگہ بارڈر پر دروازوں کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں ملکوں نے ایک ہی طرح کا گیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یکسانیت پیدا کی جا سکے ۔ اسی طرح پاکستان رینجرز پنجاب اور بارڈر سیکیورٹی فورس انڈیا بھی ہر روز ایک جیسی مشترکہ پریڈ کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے مابین 1947 میں تقسیم کے بعد گیٹ لگائے گئے تھے ۔ اس وقت پاکستان کا گیٹ سلائڈنگ کی شکل میں کھلتا اوربند ہوتا ہے جب کہ بھارتی گیٹ عام دروازوں کی طرح کھولا اور بند کیا جاتا ہے تاہم اب یکساں ساخت کے نئے گیٹ لگانے کے لیے کھدائی شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔