علی حیدر زندہ ہیں بازیابی کیلیے بہترین افسران کو ذمے داری سونپی نجم سیٹھی

دھاندلی کو سیاسی ایشو بنایا جارہا ہے، تحریک انصاف نے باضابطہ شکایت کی، ملتان میں یوسف گیلانی سے ملاقات، میڈیا سے گفتگو


Numainda Express May 14, 2013
تاخیر سے نتائج کی انکوائری سیکریٹری الیکشن کمیشن کرینگے، اسپتالوں میں موٹر سائیکلوں سے پرچی فیس نہیں لی جا رہی، نگراں وزیراعلیٰ۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مغوی فرزند سید علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرانے کے لیے پنجاب پولیس کے بہترین افسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

سید علی حیدر گیلانی زندہ ہیں اور ان کو جلد بازیاب کرا لیا جائیگا جس کسی کے پاس ان کے بارے میں معلومات ہوں فراہم کرے اسے انعام دینگے۔ تاہم انعام کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کر رہے۔ انہوں نے گزشتہ شب سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ان کے گھر گیلانی ہائوس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حیدر گیلانی کا اغواء حساس معاملہ ہے اس لیے ہر چیز اور معاملہ کو چیک کر رہے ہیں تاکہ اس کی بازیابی میں وہ مدد کرسکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشنوں میں دھاندلی کو سیاسی ایشو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے فی الحال تحریک انصاف نے دھاندلی کی شکایات کی ہیں اور وہ بھی صرف حلقہ این اے 122، 125 اور کراچی کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں نتائج تاخیر کا شکار ہوئے وہاں سیکریٹری الیکشن کمیشن خود انکوائری کرینگے۔



انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا استعفیٰ دینے کا فیصلہ اصولی ہے۔ انہوں نے الیکشن کے سوال میں کہا کہ ابھی میری چڑیا گرفتار ہے جب آزاد ہو گی تو پھر بتائے گی کہ الیکشن میں کیا ہوا ہے اور پھر عوام کو بھی اس بارے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے ایک صحافی کی طرف سے آر پی او ملتان کے رویے کے خلاف کیے گئے سوال میں کہا کہ آپ ان کی ویڈیو فوٹیج بھیجیں جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ اسپتالوں میں صرف گاڑیوں پر پرچی فیس شروع کی گئی ہے جہاں موٹر سائیکل اور سائیکلوں پر پرچی فیس لی جا رہی ہے وہ غیر قانونی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ آئی جی پنجاب و مقامی پولیس افسران بھی تھے۔ انہوں نے سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور واپس لاہور روانہ ہو گئے۔