امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی سے 6 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 30 جولائی 2018
موسم میں تبدیلی کے باعث تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

موسم میں تبدیلی کے باعث تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی زد میں آکر 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلیفورنیا کے 90 ہزار ایکڑ پر محیط جنگلات میں خوفناک آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ جنگل میں لگنے والی آگ نے رہائشی آبادی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 874 عمارتیں اور گھر جل کر راکھ کا ڈھیر ہو گئے۔ جلے ہوئے ایک مکان سے 70 سالہ بزرگ خاتون اور اُن کے دو پوتوں کی لاشیں ملی ہیں۔

ریسکیو ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور مزید 9 ہزار افراد کے انخلاء کی ضرورت پڑے گی۔ 7 دنوں سے ہزاروں فائر فائٹرز آگ بجھانے کی سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں لیکن درجہ حرارت میں اضافہ اور تیز ہواؤں کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ کیلیفورنیا کے جنگلات میں ایک ہفتے قبل آگ لگی تھی تاہم ہفتے سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا ہے جب کہ درجہ حرارت میں اضافے، ہوا میں نمی کے کم تناسب اور بارشوں کا بھی امکان نہیں ہے جس کی وجہ سے آگ پر جلد قابو پانا ممکن نظر نہیں آتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔