لاہورہائیکورٹ کا این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 اگست 2018
سعد رفیق کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنایا،فوٹو: فائل

سعد رفیق کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنایا،فوٹو: فائل

 لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 131 میں ووٹو ں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کامیاب امیدوار عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 131 سے ہارنے والے امیدوار سابق وفاقی وزیر سعدرفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس پر آج فیصلہ سنادیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کردیا

جسٹس مامون الرشید نے درخواست پر سماعت کی تو سعد رفیق کے وکیل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آر او نے صرف مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس سے کامیاب امیدوار کی برتری 602 رہ گئی تاہم مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے ریٹرنگ افسر نے ہماری درخواست مسترد کردی لہذا عدالت دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آر او کی جانب سے مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی کے باوجود عمران خان کامیاب قرار پائے اس لیےدوبارہ گنتی کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

دریں اثنا عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں ںے بابر اعوان کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان فیصلے کو فوری طور پر چیلنج کریں گے جس کے لیے انہوں نے تیاری شروع کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔