نگلیریا کے مرض میں مبتلا14سالہ لڑکا جاں بحق ایک ہفتے زیر علاج رہا

عدیل کی کینجھرجھیل میں نہانے کے بعد طبیعت خراب ہوئی،اسکولوں اوریوسیز میں آگاہی سیمینارکے انعقاد کا فیصلہ


Staff Reporter May 18, 2013
عدیل کی کینجھرجھیل میں نہانے کے بعد طبیعت خراب ہوئی،اسکولوں اوریوسیز میں آگاہی سیمینارکے انعقاد کا فیصلہ. فوٹو: فائل

کراچی میں نگلیریا کے مرض کا شکار نوجوان جمعہ کو زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کا رہائشی 14 سالہ عدیل 10دن قبل دوستوں کے ہمراہ ٹھٹھہ گیا تھا جہاں اس نے کینجھر جھیل میں تیراکی بھی کی، بتایاجاتا ہے تیراکی کے بعدعدیل کی حالت خراب ہوگئی تھی جس پراسے لیاقت نیشنل اسپتال لایاگیا تھا جہاں وہ ایک ہفتے زیر علاج رہنے کے بعدزندگی کی بازی ہارگیا ،کراچی میں رواں سال میں پہلا نگلیریا کا مریض سامنے آیا ہے۔

اس واقعے کے بعد ای ڈی اوہیلتھ کراچی ڈاکٹر امداداللہ صدیقی نے جمعہ کو اپنے دفترمیں ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں اس مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اسکولوں، اسپتالوں، ضلع اوریونین کونسل کی سطح پر سیمینارمنعقد کیے جائیں گے اور پمفلٹس تقسیم کیے جا ئیں کیونکہ نگلیریا کا جرثومہ پانی میں ہوتا ہے۔



نگلیریاکا جرثومہ آلودہ پانی والے سوئمنگ پولز، پانی کی ٹنکیوں میں بھی ہوسکتا ہے لہٰذا گھروں میں استعمال کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مقدارکوشامل کریں ، انھوں نے واٹربورڈ حکام سے بھی درخواست کی کہ پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدارکو شامل کیا جائے ، انھوں نے کہا کہ نگلیریا جرثومہ ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوکرسینٹرل نروس سسٹم(دماغ کے مرکزی حصے)کوشدید متا ثرکرتا ہے جس کے بعد متا ثرہ افراد کی سماعت کمزورہوجاتی ہے، سردرد، متلی اورگردن توڑ بخارلاحق ہوجاتا ہے۔

تیزبخار کی وجہ سے جسم میں قوت مدافعت بھی ختم ہوجاتی ہے اورمریض کی موت 2ہفتے میں واقع ہوجاتی ہے، انھوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام ٹاؤن ہیلتھ افسران کواپنے اپنے ٹاؤنز میں آگاہی پروگرام کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے،دریں اثنا ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر امداد اللہ صدیقی کا کہنا تھا کہ واٹربورڈ حکام پانی میںکلورین کی مطلوبہ مقدارکو یقینی بنائیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال مئی میں نگلیریا کا مرض سامنے آیا تھا اس سال بھی نگلیریا کا مرض مئی میں رپورٹ ہوا جس میں ایک قیمتی جان ضائع ہوگئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں