ڈالرکی قدرمیں اضافے سے اجناس کی عالمی منڈیوں پردبائو

سونے، چاندی،پلاٹینم،تانبے،ایلومینیم،کلئی،زنک،چینی،گندم اورربرکی قیمتوں میں کمی


AFP May 19, 2013
گزشتہ ہفتے صرف خام تیل، پلاڈیم، لیڈ، ٹن اور مکئی کے عالمی نرخوں میں اضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

لاہور: امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے، خام مال کی طلب میں کمی اور عالمی معاشی بدحالی کے باعث گزشتہ ہفتے اجناس کی بین الاقوامی منڈیاں دبائو میں رہیں جس کے نتیجے میں بیشتر اشیا کی قیمتیں گرگئیں تاہم آئل مارکیٹس میں کاروباری صورتحال بہتررہی۔

لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں ہفتے کے آخری کاروباری روز جمعہ کو برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت 104.47 ڈالر فی بیرل پرآگئی جو ہفتے کے آغاز پر102.42ڈالر فی بیرل رہی تھی جبکہ نیویارک مارکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی) یا لائٹ سوئٹ خام تیل کی قیمت ایک ہفتے میں 94.25ڈالر سے بڑھ کر 95.64 ڈالر فی بیرل ہوگئی، دوسری طرف لندن بلین مارکیٹ میںسونے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 57.75 ڈالر کی کمی آئی، ہفتے کے اختتام پر سونے کی قیمت 1368.75 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی جو ہفتے کے آغاز پر 1426.50ڈالر فی اونس تھی۔

چاندی کی قیمت بھی ایک ہفتے میں 23.37 ڈالر سے کم ہو کر 22.52 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کے ریٹ 1490 ڈالر سے کم ہو کر 1470 ڈالر فی اونس ہوگئے جبکہ پلاڈیم کی قیمت 702 ڈالر فی اونس سے بڑھ کر736 ڈالر فی اونس ہوگئی۔



علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے بیشتربنیادی یا صنعتی خام مال کی قیمتوں میں کمی آئی، لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی 3ماہ میں فراہمی کے لیے قیمت 7375 ڈالر سے کم ہو کر7330ڈالر فی ٹن ہوگئی، ایلومینیم کی قیمت1870ڈالر سے گھٹ کر 1857ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت1996 ڈالر سے بڑھ کر2008 ڈالر، ٹن کی قیمت 20849 سے بڑھ کر 20940 ڈالر فی ٹن، کلئی کی قیمت 15415ڈالر سے گھٹ کر14830 ڈالرفی ٹن اور زنک کی قیمت 1865ڈالر سے کم ہو کر 1841 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔

مزید برآں خام چینی کی جولائی میں فراہمی کے لیے قیمت 17.58 سینٹ سے گھٹ کر16.64 ڈالر فی پائونڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی اگست میں فراہمی کے لیے 488.30 ڈالر سے گھٹ کر 477.90 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے مکئی کی قیمت میں اضافہ اور گندم کی قیمت میں کمی آئی، مکئی 6.36 ڈالر سے بڑھ کر 6.52ڈالر فی بشل (27.2155کلو) اور گندم 7.04 ڈالر سے گھٹ کر 6.85ڈالر فی بشل (27.2155 کلو) ہوگئی جبکہ ربر کی قیمت 261.35 سینٹ سے کم ہو کر 246.10سینٹ فی کلوہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں