محکمہ تعلیم نے دہلی اسکول نجی پارٹی کے حوالے کرنے کی تیاری کرلی

عمارت کے 3 اسکولوں میں2ہزارطلبا زیرتعلیم اور100سے زائد اساتذہ تعینات ہیں جنھیں اطراف کے اسکولوں میں منتقل کیا جائیگا.


Staff Reporter May 20, 2013
فیصلہ 6 سال قبل کے عدالتی فیصلے پر کیا گیا،ڈائریکٹر اسکولز نے دہلی گورنمنٹ اسکول نجی پارٹی کو دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔ فوٹو: فائل

GILGIT: صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے17 برس تک میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے شہر کے معروف سرکاری تعلیمی ادارے دہلی گورنمنٹ بوائز اینڈگرلزپرائمری سیکنڈری اسکول کونجی پارٹی کے حوالے کیے جانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ڈائریکٹراسکولزکراچی نے گورنمنٹ دہلی اسکول کو نجی ملکیت میں دینے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے محکمہ کو تحریری رضامندی ظاہر کرکے دہلی اسکول کی عمارت میں چلنے والے تین اسکولوں کے اساتذہ وطلبا کو قرب وجوار کے سرکاری اسکولوں میں منتقل کرنے کی رپورٹ بھی محکمہ تعلیم میں جمع کرادی ہے۔

اسکول کی عمارت میں قائم اسکولوں میں 2ہزار سے زائد طلبہ وطالبات زیرتعلیم اور100سے زائد اساتذہ تعینات ہیں جنھیں اطراف کے سرکاری اسکولوں میں منتقل کیے جانے کے بعد تاریخی اہمیت کا اسکول عملی طورپرختم ہوجائے گا،محکمہ تعلیم کی جانب سے گورنمنٹ دہلی اسکول کونجی ملکیت میں دینے کا فیصلہ 6سال قبل دیے گئے عدالتی احکامات پرکیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کا ایک اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا جس میں ڈائریکٹراسکولز کراچی نیازلغاری کے علاوہ ڈی اوزاور متعلقہ اے ڈی ای اووز، پرنسپلز کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران شریک تھے اجلاس میں نجی ملکیت کے دعوے دارشخص بھی موجود تھے اجلاس میں6 برس پرانی عدالتی احکامات کوسامنے رکھتے ہوئے نجی پارٹی کواسکول کی عمارت کی قیمت اداکرنے یاعمارت کونجی ملکیت میں دینے پرغورکیا گیا۔



اجلاس میں سارازوراس بات پررہاکہ گورنمنٹ دہلی اسکول کوفوری طورپر نجی ملکیت میں دے دیا جائے اوراسکول کی عمارت میں چلنے والے تینوں تعلیمی اداروں کے طلبا اوراساتذہ کواطراف کے سرکاری اسکولوں میں منتقل کردیاجائے اس سلسلے میں ڈائریکٹراسکولز کراچی سے کہاگیاکہ وہ تحریری طورپراسکول کی عمارت نجی ملکیت کے حوالے کرنے کے لیے تحریری رپورٹ پیش کریں جس پر ڈائریکٹر اسکولز کراچی نے دہلی گورنمنٹ اسکول کونجی ملکیت کے حوالے کرنے کے سلسلے میں اپنی تیاری سے محکمے کوآگاہ کردیا،اوراس سلسلے میں یہ بھی بتادیاگیاکہ اطراف کے کون کون سے سرکاری تعلیمی ادارے ایسے ہیں جہاں دہلی گورنمنٹ اسکول سے طلبہ وطالبات کومنتقل کیا جاسکتا ہے اور اساتذہ وغیرتدریسی عملے کے تبادلے کیے جاسکتے ہیں، ڈائریکٹراسکولز کراچی نیاز لغاری نے رابطہ کرنے پر دہلی گورنمنٹ اسکول کونجی ملکیت کے حوالے کرنے کے معاملے پر منعقد اجلاس سے یکسر انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ فی الحال تحریری احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں