کراچی کے تمام حلقوں پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیںسلیم ضیا

19 مئی کو بھی بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے انتظامات بہتر نہیں تھے.


Staff Reporter May 20, 2013
پولنگ اسٹیشن کی عدم شمولیت سے سیکڑوں مرد وخواتین ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری اور پی ایس113 سے امیدوار سلیم ضیا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی میں اگر11 مئی کو شفاف انتخابات کرائے جاتے تو نتائج کچھ اور ہوتے لیکن دھاندلی کے ذریعے عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں او رالیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے تمام حلقوں پر دوبارہ شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

وہ اتوار کو ہزارہ کالونی کے پولنگ اسٹیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے،انھوں نے کہا کہ آج بھی بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن کمیشن نے انتظامات صحیح نہیں کیے ہیں جس کی وجہ سے سیکڑوں ووٹرز ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے، انھوں نے کہا کہ ڈیفنس کے پولنگ اسٹیشن نمبر138 کو دوبارہ پولنگ میں شامل ہی نہیں کیا گیا ہے جبکہ اس پولنگ اسٹیشن پر11 مئی کو پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔



انھوں نے کہا کہ اس پولنگ اسٹیشن کو شامل نہ کرنے کی وجہ سے سیکڑوں مرد وخواتین ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے اور وہ پریشان گھوم رہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں11 مئی کو ہونیوالے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور مسلم لیگ (ن) عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔