کراچی میں پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما کی غنڈہ گردی سامنے آگئی

منصور شیخ کا ساتھیوں کے ہمراہ کار شوروم پر حملہ، توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ، خاتون ملازمہ کو حراساں بھی کیا


ویب ڈیسک August 16, 2018
منصور شیخ کا ساتھیوں کے ہمراہ کار شوروم پر حملہ، توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ، خاتون ملازمہ کو حراساں بھی کیا فوٹو:فائل

شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اور رہنما کی غنڈہ گردی کا واقعہ سامنے آگیا۔

ابھی کراچی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران علی شاہ کی جانب سے معمر شہری پر تشدد کا معاملہ ختم نہیں ہوا تھا کہ کپتان کے ایک اور کھلاڑی کا کارنامہ سامنے آگیا۔ پی ٹی آئی رہنما اور بلدیہ جنوبی کے وائس چیئرمین منصور شیخ نے ساتھیوں کے ہمراہ نجی کمپنی کے شوروم پر دھاوا بول دیا اور خوب توڑ پھوڑ کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا شہری پر تشدد

واقعہ 31 جولائی کو شارع فیصل پر واقع کار شوروم میں پیش آیا۔ پی ٹی آئی رہنما منصور شیخ نے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی وقت پر نہ دینے کے معمولی سے مسئلے پر شوروم میں توڑ پھوڑ کی اور خاتون ملازمہ کو ہراساں کیا۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/imran.rao27/videos/1726329887466358/"]

شوروم مالکان کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کے گارڈز نے شدید ہوائی فائرنگ بھی کی اور سی سی ٹی وی کا ریکارڈنگ سسٹم بھی ساتھ لے گئے۔ منصور شیخ نے تعلقات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے الٹا شوروم مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا۔

منصور شیخ کے کزن ایس ایس پی ملیر منیر شیخ ہیں جن کی مدد سے منصور شیخ نے بہادرآباد تھانے میں ایف آئی آر کٹوادی۔ ایس ایس پی ملیر منیر شیخ نے اس معاملے میں اپنے اختیارات اور تعلقات کا ناجائز استعمال کیا۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/imran.rao27/videos/1726330014133012/"]

دوسری جانب منصور شیخ نے اپنے مؤقف میں کہا کہ گاڑی کے حصول کیلئے گیا تو شوروم والوں نے مجھ پر حملہ کردیا، میں نے گاڑی بک کروائی تھی جو بتائے گئے وقت پر نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب گاڑی روک کر ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اس موقع پر ان کے گارڈز بھی موجود تھے جب کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں