بھارتی ریاست کیرالہ میں صدی کا بدترین سیلاب، ہلاکتیں 324 ہو گئیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
بھارتی وزیراعظم مودی نے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

بھارتی وزیراعظم مودی نے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 324 ہوگئی ہے جب کہ ڈھائی لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کو صدی کے سب سے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک 324 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور امدادی کا کاموں کا جائزہ لیا۔

Keralah 2

سیلاب کے باعث کیرالہ اور کرناٹکا کی 50 فیصد فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، ہزاروں ایکٹر پر محیط سڑکوں، ریل کی پٹریاں اور مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشن اور آمد و رفت کے تمام ذرائع عارضی طور پر معطل ہیں جب کہ ڈھائی لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں 15 سو سرکاری پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 5 سو کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے 10 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی فضائیہ نے 225 اہلکاروں اور 15 سپروائزرز پر مشتمل ایک گروپ کو 75 ’ لائف بوٹس‘ کے ہمراہ کیرالہ روانہ کردیا ہے۔

Keralah 3

ادھر محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ مزید ایک ہفتے جاری رہے گا۔ اس دوران وقفے وقفے سے ہواؤں کے تیز جھکڑ کے ساتھ بارشیں جاری رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔