مقبوضہ کشمیر میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں حریت رہنما آزاد ملک کے گھر چھاپا مارا، خواتین سے بدتمیزی کی اور گھر میں توڑ پھوڑ کی


ویب ڈیسک August 27, 2018
کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر کے شمالی علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہو گیا ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کُکرناگ کے گاؤں گڈول میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید ہو گیا ہے جب کہ دو کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں چادر اور چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے معروف مقامی حریت رہنما آزاد ملک کے گھر پر چھاپا مارا گیا۔ بھارتی فوج نے حریت رہنما کے اہل خانہ کو ہراساں کیا اور گھر میں توڑ پھوڑ کی۔علاوہ ازیں ضلع کپواڑہ میں بھی گزشتہ رات گھر گھر تلاشی کے دوران چار نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

ضلع کپواڑہ میں گرفتار نوجوانوں میں عمر بشیر شیخ، دانش خضر شیخ، وسیم احمد اور طاہر حبیب بٹ شامل ہیں جنہیں نہ تو کسی عدالت میں پیش کیا گیا اور نہ ہی والدین سے ملنے دیا جا رہا ہے۔ گرفتار نوجوانوں کے اہل خانہ نے نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

مقبول خبریں