میرے خلاف منی لانڈرنگ کیس نواز شریف حکومت میں بنا، آصف زرداری کا شکوہ

ویب ڈیسک  پير 27 اگست 2018
نواز شریف پر مقدمات کے بارے میں آصف زرداری نے کہا اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔ فوٹو:فائل

نواز شریف پر مقدمات کے بارے میں آصف زرداری نے کہا اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ جعلی ہے جو نواز شریف کی حکومت میں بنایا گیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری ایف آئی اے میں پیش ہوئے جہاں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے تقریبا آدھے گھنٹے تک ان سے تفتیش کی۔ پیشی کے بعد جب سابق صدر واپس روانہ ہوئے تو صحافیوں نے ان سے بات چیت کی کوشش کی۔

ایف آئی اے کی تفتیش سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر اصل کیس نہیں بلکہ بدقسمتی سے نواز شریف کے دور میں میرے خلاف یہ مقدمہ بنایا گیا ہے۔ صحافی نے کہا کہ اب تو میاں صاحب بھی مقدمے بھگت رہے ہیں تو آصف زرداری نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش

کیس کا پس منظر

ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھیوں حسین لوائی اور انور مجید کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو بھی مقدمے میں ملوث قرار دیا ہے جن پر کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی رقم وصول کرنے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔