فیس بک نے مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث میانمار آرمی چیف کا اکاؤنٹ بند کردیا

ویب ڈیسک  منگل 28 اگست 2018
فیس بک نے میانمار فوج اور سیاسی جماعت کی 18 شخصیات کے اکاؤنٹس بند کردیئے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

فیس بک نے میانمار فوج اور سیاسی جماعت کی 18 شخصیات کے اکاؤنٹس بند کردیئے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

کیلیفورنیا: فیس بک انتظامیہ نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر میانمار کے آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے فیس بک اکاؤنٹس کو بند کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن کی جانب سے میانمار کے آرمی چیف اور 5 جنرلوں کے سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر ٹرائل کے مطالبے کے بعد فیس بک نے میانمار فوج کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی رہنماؤں کے 18 فیس بک اکاؤنٹس اور 52 فیس بک پیجز کو ختم کردیا ہے جب کہ  ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے پہلی مرتبہ کسی ملک کے اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی رہنماؤں کے اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے، ان افراد پر نئے اکاؤنٹس بنانے پر بھی پابندی عائد ہوگی، فیس بک نے یہ اقدام جنگی جرائم سے ناپسندیدگی اور نفرت آمیز مواد کے فروغ کو روکنے کی اپنی پالیسی کے تحت اُٹھایا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث میانمار آرمی چیف کا ٹرائل ہونا چاہیے، اقوام متحدہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوامتحدہ کے تفتیشی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں میانمار کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان اہلکاروں کے عالمی ٹرائل کا مطالبہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔