فرنچ اوپن جوکووک اور نڈال کا سیمی فائنل میں ٹکراؤ متوقع

ویمنز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا کی پہلی آزمائش چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی سے ہوگی.


AFP/Sports Desk May 25, 2013
پیرس:دفاعی چیمپئن اورتھرڈ سیڈاسپین کے رافیل نڈال فرنچ اوپن کے ڈراز نکال رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کے ڈراز کا جمعے کو اعلان کردیا گیا۔

ورلڈ نمبرون نووک جوکووک اور 7مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال کا ممکنہ ٹکراؤ سیمی فائنل میں ہوسکتا ہے، فیصلہ کن معرکے میں دنیا کے دو سپراسٹارز میں سے کوئی ایک ہی رسائی حاصل کر سکے گا، سیکنڈ سیڈ سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو فائنل سے قبل تک اپنے دونوں روایتی حریفوں سے سامنا نہیں کرنا پڑے گا، ڈبلز میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور جین جولین روزے کو 6 سیڈنگ حاصل ہے، ویمنز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا کی پہلی آزمائش چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی سے ہوگی، ٹاپ سیڈ اور ٹرافی فیورٹ سرینا ولیمز کو پہلے راؤنڈ میں اینا تاتیشویلی سے مقابلہ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبرون سربیا کے نووک جوکووک کو گذشتہ برس کے فائنل میں نڈال کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی، انھیں کیریئر گرینڈ سلم مکمل کرنے کیلیے فرنچ اوپن ٹرافی کی ضرورت ہے، سرب اسٹار اپنے سفر کی شروعات بیلجیئن حریف ڈیوڈ گوفن کیخلاف کریں گے، گوفن 2012 کے ایڈیشن میں کوالیفائنگ مرحلے کھیلتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے،جوکووک کا تیسرے راؤنڈ میں بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف سے مقابلہ ہوسکتا ہے،پری کوارٹر فائنل میں ان کے سامنے ہموطن جانکو تیپسرووچ آسکتے ہیں، کیریئر کے 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی کے تعاقب میں سرگرداں 2009 کے چیمپئن فیڈرر کا پہلا مقابلہ کوالیفائر سے ہوگا، دفاعی چیمپئن نڈال کی مہم کا آغاز جرمن پلیئر ڈینئیل برانڈز کیخلاف میچ سے ہونا ہے، 7ماہ انجری کے سبب کھیل سے دوری کے بعد واپس آنے والے نڈال اب تک شاندار پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔



وہ رواں سیزن میں 8ایونٹس کے فائنل میں پہنچنے کے بعد 6 میں فاتح بننے میں کامیاب رہے، مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں انھیں نووک جوکووک کے ہاتھوں شکست ہو گئی تھی، ورلڈ نمبر2 اینڈی مرے اور ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو انجریز مسائل کے سبب پہلے ہی ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کرچکے ہیں،نڈال نے ڈراز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے رولینڈ گیروس پر آکر بہت خوشی ہوئی،یہ دنیا کا ایسا ایونٹ ہے جس میں شرکت کا موقع میں کھونا نہیں چاہتا، میں ایک مرتبہ پھر یہاں کھیلنے کیلیے خود کو بہتر اور توانا محسوس کررہا ہوں، نڈال تیسرے راؤنڈ میں لوکاس روسول کے مقابل آسکتے ہیں،جنھوں نے 11 ماہ قبل ومبلڈن میں انھیں دوسرے راؤنڈ میں ہراکر اپ سیٹ کیا تھا۔دوسری جانب ویمنزسنگلز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو اس مرتبہ بھی ٹرافی کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

گذشتہ برس پہلے راؤنڈ میں ورجینیا روزانو کے ہاتھوں شکست کے بعد اس مرتبہ پہلی حریف اینا تاتیشویلی سے خائف ہیں، 31 سالہ سرینا ولیمز اب تک چاروں اختتامی ایونٹس جیت چکیں، اس میں تین کلے کورٹس فتوحات بھی شامل ہیں، انھوں نے اب تک 24 مسلسل میچز میں فتح پائی اور اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں، سرینا نے 2002 میں فرنچ اوپن ٹرافی اپنے نام کی تھی، وہ اب تک 51 کیریئر سنگلز ٹائٹل جیت چکیں جبکہ ماریا کیخلاف 2004 سے ان کی کامیابیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے، وہ اب تک 12 باہمی مقابلوں میں روسی پلیئر کو مات دے چکی ہیں، دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی سے پہلا میچ کھیلیں گی، تھرڈ سیڈ وکٹوریاآذرنیکا ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں شراپووا کے سامنے آسکتی ہیں، وہ اپنی مہم کی شروعات روس کی الینا ویسنینا کیخلاف کریںگی،فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو دوسرے راؤنڈ میں اپنی بہن ارسزیلا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس کیلیے ارسزیلا کو پہلے راؤنڈمیں تجربہ کار امریکن پلیئر وینس ولیمز کوٹھکانے لگانا ہوگا، 2011 کی چیمپئن چینی پلیئر لینا کا پہلا سامنا اسپینش حریف انابیل میڈینا گوریجس سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں