سپریم کورٹ کا پنجاب کوآپریٹو بینک کے آڈٹ کا حکم 

پنجاب حکومت کو بتا دیں رجسٹرار کوآپریٹو کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس


ویب ڈیسک August 30, 2018
پنجاب حکومت کو بتا دیں رجسٹرار کوآپریٹو کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے پنجاب کوآپریٹو بینک کے آڈٹ کا حکم جاری کردیا ہے۔

سپریم کورٹ میں رجسٹرار پنجاب کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ آتشزدگی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری اور رجسٹرار کو آپریٹیو پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کوآپریٹو سوسائٹیز میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ لاہور رجسٹرار آفس میں آگ لگ گئی اور ریکارڈ جل گیا، آگ کا کیا چکر ہے؟کیا کوئی تحقیقات ہوئی ہیں؟ کیا آشیانہ ہاؤسنگ اور پیراگون سوسائٹیوں کا بھی ریکارڈ جلا ہے؟

سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے بتایا کہ آشیانہ اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ہمارے دائرہ کارمیں نہیں آ تے، پنجاب پرونشل کوآپریٹوبینک کا کبھی آڈٹ نہیں ہوا، بیس جون کو تقرری کے بعد سوسائیٹوں کے آڈٹ کا حکم دیا اور جب رجسٹرار کوآپریٹو نے آڈٹ شروع کیا تو چند دن بعد ہی آگ لگ گئی، آگ خود نہیں لگی بلکہ لگائی گئی ہے، ہاوٴسنگ سوسائیٹیز کے اندر بہت سی غیر قانونی چیزوں کا جائزہ لیا، کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ میں تبادلے کئے تو ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے رکوا دیئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اربوں روپے والوں نے سفارشیں کر کے تبادلے رکوائے ہوں گے، تبادلے روکنے کا عمل نیک نیتی پرمبنی نہیں لگتا، پنجاب حکومت کو بتا دیں رجسٹرار کوآپریٹو کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت نے آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کو تحقیقاتی افسر تعینات کر کے دو ہفتے میں ابتدائی رپورٹ طلب کرلی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے جواب دیا کہ عدالتی حکم پر ملک بھر کی ہاوٴسنگ سوسائیٹیز کا آڈٹ جاری ہے، 2767 سوسائٹیوں کا آڈٹ شروع کر رکھا ہے اور اب تک صرف 700 سوسائیٹوں کی آڈٹ رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سوسائیٹوں کا فرانزک آڈٹ نہیں ر کے گا، عدالت نے رجسٹرار کوآپریٹو کو پنجاب کوآپریٹو بینک کے آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

مقبول خبریں