منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اگست 2018
آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی  فوٹو: فائل

آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی فوٹو: فائل

 کراچی: عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی 20 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کراچی کی بینکنگ کورٹ میں خود کوسرنڈرکرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست کردی۔ عدالت نے آصف زرداری کی 20 لاکھ کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔ بینکنگ کورٹ نے آصف علی زرداری کو 4 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔

اس موقع پرآصف زرداری نے خوشگوار انداز میں میڈیا سے بات کی، صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ ہیلی کاپٹر تو سستا ہوگیا آپ ہیلی کاپٹر پر کیوں نہیں آئے ؟، جس پر آصف زرداری نے خوشگوار انداز میں جواب دیا کہ آپ لوگ یہیں رکیں میں ہیلی کاپٹر پرواپس آتا ہوں، ایک صحافی کے سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست دان کے خلاف کوئی بھی مقدمہ غیر سیاسی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن ہی صدر بنیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب کافی عرصہ بعد کورٹ میں ملاقات ہورہی ہے، جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ آپ بلائیں تو میں روز آجایا کروں گا۔

واضح رہے کہ آصف زرداری نے اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔