ہالینڈ کے ریلوے اسٹیشن سے چاقو بردار حملہ آور گرفتار

ملزم ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے آرگنائزر گریٹ ولڈرز پر حملے کے لیے ایمسٹرڈیم پہنچا تھا۔ پولیس


ویب ڈیسک September 01, 2018
چاقو بردار افغان نژاد شخص گستاخانہ خاکوں کے آرگنائزر پر حملے کی نیت سے ایمسٹرڈیم پہنچا تھا۔ پولیس فوٹو : فائل

ہالینڈ میں پولیس نے ریلوے اسٹیشن پر دو افراد کو زخمی کرنے والے چاقو بردار افغان نژاد شخص کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن میں ایک چاقو بردار شخص نے مسافروں پر چاقو کے وار کیے جس کے نتیجے میں دو مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ٹانگ پر گولی مار کر حملہ آور کو قابو کیا اور ملزم کو حراست میں لے کر تفتیشی مرکز منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 19 سالہ حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔ ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان کرنے والے سیاست دان گیرٹ ولڈرز پر حملے کی نیت سے ایمسٹرڈیم پہنچا تھا۔

قبل ازیں اسی ہفتے ہالینڈ پولیس نے گیرٹ وِلڈرز پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایک 26 سالہ شخص کو بھی حراست میں لیا تھا۔ مذکورہ شخص نے اپنے فیس بک پروفائل پر ویڈیو پیغام شائع کیا تھا جس میں گیرٹ ولڈرز کو دھمکی دی گئی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کا تعلق پاکستان سے ہے۔

واضح رہے کہ ہالینڈ کے دائیں بازو کے سیاست دان گیرٹ ولڈرز متنازعہ ترین شخص ہے جو اسلام دشمنی کے لیے مشہور ہے۔ حال ہی میں گیرٹ ولڈرز نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم ہالینڈ حکومت نے متنازعہ بن جانے والے اس مقابلے کو کینسل کردیا۔

مقبول خبریں