لتا منگیشکر عاطف اسلم کے ریمیک گانے پر بول پڑیں

پرانے گانے کو ریمیکس کرنے کا رجحان مجھے افسردہ کرتا ہے،لتا منگیشکر


ویب ڈیسک September 03, 2018
پرانے گانے کو ریمیکس کرنے کا رجحان مجھے افسردہ کرتا ہے،لتا منگیشکر۔ فوٹو: فائل

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کو پاکستان کے معروف گلوکارعاطف اسلم کا 'چلتے چلتے' گانے کا ریمیک پسند نہ آیا۔

ماضی کی مشہور زمانہ فلم 'پاکیزہ' میں لتا منگیشکر کی آواز میں ریکارڈ ہونے والا گیت 'چلتے چلتے' کو ایک بار پھر بالی ووڈ کی نئی فلم 'مترون' میں عاطف اسلم کی آواز میں شامل کیا گیا جوچند دنوں میں ہی مقبول ترین گیت بن گیا جب کہ گانے کے ریمیکس ورژن کو ملنے والی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک اس گانے کی ویڈیو کو 79 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں تاہم لتا منگیشکر کو عاطف اسلم کا یہ گیت ایک نظر نہیں بھایا۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عاطف اسلم کے گانے کو میں نے نہیں سنا اور میں سننا بھی نہیں چاہتی کیوں کہ پرانے گانے کو ریمیکس کرنے کا رجحان مجھے افسردہ کردیتا ہے۔


لتا منگیشکر کا کہنا تھا کہ کیا محنت کی کوئی قیمت نہیں؟ کیا ماضی کے ایسے بہترین گانوں سے محبت نہیں جب کہ میں نے یہ بھی سنا ہے کہ گانے کے بول بھی تبدیل کردیے گئے ہیں لیکن اس کی اجازت کس سے لی گئی؟ انہوں نے کہا کہ گانے کے اصل شاعر اور موسیقار نے اسے تیار کیا لیکن کسی کو اجازت نہیں کہ موسیقاروں اور بول کی تخلیق تبدیل کرے'۔