مودی کے خلاف نعرے لگانے والی بھارتی خاتون گرفتار

28 سالہ صوفیہ لوئس نے بی جے پی تامل ناڈو کی صدر سے نوک جھونک کے درمیان مودی حکومت کو فاشسٹ کہا تھا


ویب ڈیسک September 04, 2018
ریسرچ اسکالر صوفیہ لوئس نے مودی حکومت کو فاشسٹ کہا تھا۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

RAWALPINDI: طیارے میں دوران پرواز بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی رہنما سے نوک جھونک اور مودی سرکار کو فاشسٹ کہنے پر خاتون مسافر کو 15 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 28 سالہ خاتون صوفیہ لوئس کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف نعرے بازی اور مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنانا مہنگا پڑ گیا۔ چینئی سے ٹویٹی کورن جانے والی پرواز میں بی جے پی تامل ناڈو کی صدر اور ایک مسافر خاتون کے درمیان نوک جھونک نے شدت اختیار کرلی۔ 28 سالہ صوفیہ لوئس ریسرچ اسکالر ہیں۔

بی جے پی کی مرکزی رہنما نے حکومتی طاقت اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے ایئرپورٹ انتظامیہ کو مذکورہ خاتون کو سبق سکھانے کی ہدایت کی جس پر ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے اہلکاروں نے خاتون مسافر کو حراست میں لے کر اشتعال انگیزی اور دوران پرواز ہنگامہ آرائی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے خاتون مسافر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے پولیس کی استدعا قبول کرتے ہوئے خاتون مسافر کو 15 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ 15 روز کے اندر چالان تیار کر کے خاتون مسافر کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کرے۔

مقبول خبریں