بیگم کلثوم نواز کی رسم قل ادا کردی گئی

ویب ڈیسک  اتوار 16 ستمبر 2018
 رسم قل میں تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ فوٹو: فائل

رسم قل میں تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رسم قل شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی رسم قل ادا کردی گئی، رسم قل شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی جس میں نوازشریف، شہبازشریف، ایاز صادق، رانا اقبال اور رانا تنویر سمیت شریف خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ رسم قل میں تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا جس میں نوازشریف کی والدہ اور مریم نواز سمیت خاندان کی دیگر خواتین نے شرکت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بیگم کلثوم نواز کو سپرد خاک کردیا گیا

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے رسم قل میں کارکنوں کو شرکت سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ رسم قل میں صرف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے لہذا کارکنان اپنےعلاقوں میں ہی قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آخری وقت اہلیہ کے ساتھ  نہ گزارنے کی سب سے زیادہ تکلیف ہے

دوسری جانب جاتی امراء میں نوازشریف نے اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا اور ملک کے ممتاز سیاسی و سماجی افراد نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ برس سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور لندن میں ان کا علاج جاری تھا، وہ 11 ستمبر کو خالق حقیقی سے جاملی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔