ویمنز کیمپ جاوید میانداد بھی پلیئرز کی رہنمائی کریں گے

ٹیم کے ماہر نفسیات سے سیشنز کرانے کا ارادہ ، کیمپ کا آج باقاعدہ آغاز ہوگا


Sports Reporter June 04, 2013
ٹیم کے ماہر نفسیات سے سیشنز کرانے کا ارادہ ، کیمپ کا آج باقاعدہ آغاز ہوگا. فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کیلیے جاوید میانداد سمیت ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی جائیںگی۔

کھلاڑیوں کی ذہنی وجسمانی پختگی کیلیے پی سی بی ویمنز ونگ کے زیراہتمام ماہر نفسیات سے سیشنز بھی کرانے کا ارادہ ہے۔ منیجر عائشہ اشعر کا کہنا ہے کہ کیمپ کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے جامع پلان بنالیا، دورئہ انگلینڈ ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں مدد دے گا۔ تفصیلات کے مطابق23 سے31 جولائی تک آئرلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرز کیلیے قومی ٹیم تیاریاں شروع کرچکی ہے، رواں ماہ دورئہ انگلینڈ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،وہاں24 جون سے 10 جولائی تک میزبان سے2ون ڈے، اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی جبکہ آئرلینڈکیخلاف ایک ون ڈے اور2 ٹی ٹوئنٹی میچزمیں حصہ لینا ہے۔

دورے کیلیے اعلان شدہ تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کنٹری کلب مریدکے میں رپورٹ کر دی، تیاریوں کا باقاعدہ آغاز منگل سے ہوگا،طلب شدہ پلیئرز میںکپتان ثنا میر، نائب کپتان بسمہٰ معروف، سید نین فاطمہ عابدی، ندا رشید، جویریہ ودود، وکٹ کیپر ربیعہ شاہ، اسماویہ اقبال، سمعیہ صدیق، سعدیہ یوسف، ناہیدہ بی بی، سیدہ بتول فاطمہ نقوی، قانیتہ جلیل، ارم جاوید اور جویریہ رؤف شامل ہیں،4ریزرو کھلاڑیوں ڈیانا بیگ، نائلہ نذیر، سدرہ امین اور مرینہ اقبال کو بھی کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے۔



عائشہ اشعر ٹیم منیجر، محتشم رشید کوچ، باسط علی بیٹنگ کنسلٹنٹ، ابرار احمد ٹرینر اور ثنا رزاق اسسٹنٹ کوچ ہیں۔کیمپ کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے جامع پلان بنا لیا،ذرائع کے مطابق سابق کپتان جاوید میانداد اور انتخاب عالم سمیت ماضی کے سابق عظیم کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، سابقہ خوشگوار تجربے کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر ماہر نفسیات کو مدعو کیا جائے گا تاکہ پلیئرز کو ذہنی اور جسمانی طور پر پختہ بنایا جا سکے۔دوسری جانب قومی ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر کا کہنا ہے کہ دورئہ انگلینڈ سے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔

نمائندہ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ منگل کو ابتدائی تعارف کے بعد پلیئرز کا فٹنس سیشن ہوگا،دوسرے مرحلے میں نیٹ پریکٹس کرائی جائے گی،انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران7 پریکٹس میچز بھی رکھے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لے کر دورے کیلیے بہترحکمت عملی بنائی جا سکے۔ ٹیم منیجر نے کہا کہ مرد کھلاڑیوں کی طرح خواتین ٹیم کو بھی سپورٹ کرنے پر پی سی بی کے مشکور ہیں، پلیئرز کامیابیاں سمیٹ کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں