کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنا ہو گا شاہد آفریدی

چیمپئنز ٹرافی کا پاک بھارت میچ لاہور میں شائقین کے ساتھ دیکھوں گا، آل راؤنڈر


Sports Reporter June 05, 2013
چیمپئنز ٹرافی کا پاک بھارت میچ لاہور میں شائقین کے ساتھ دیکھوں گا، آل راؤنڈر فوٹو: فائل

شاہد خان آفریدی نے فکسنگ تنازعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔

انھوں نے چیمپئنز ٹرافی کا پاک بھارت میچ لاہور میں شائقین کے ساتھ دیکھنے کا اعلان کیا،ان کے مطابق اہم میچ میں دباؤ کا شکار نہ ہونی والی ٹیم ہی فتحیاب ہو گی، آل راؤنڈر عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کیلیے پُرعزم ہیں۔ گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ٹریننگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں آفریدی نے کہا کہ آئی پی ایل اچھا ایونٹ ہے، اس کے منفی معاملات سے تمام تر نقصان کرکٹ کا ہی ہوا، کھیل کو اب کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کوئی بھی فیورٹ نہیں، نسبتاً کمزور ٹیم بھی مضبوط ترین حریف کو ہرا سکتی ہے جس کی وجہ سے مقابلے خاصے سخت ہوں گے۔



آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم متوازن اور میگا ایونٹ میں شاندار نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف پریکٹس میچ میں بولرز کے بعد بیٹسمینوں نے بھی عمدہ کھیل پیش کر کے کامیابی دلائی،اس کارکردگی سے کھلاڑیوں کا مورال خاصا بلند ہو گیا ہوگا جس کا فائدہ میگا ایونٹ کے دوران ہوگا۔ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان اور بھارت کا میچ اہم ہوگا، جس میں پریشر برداشت کرنے والی ٹیم فیصلہ اپنے حق میں کرانے میں کامیاب رہے گی، میں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز میچ شائقین کیساتھ لاہور میں بیٹھ کر دیکھوں گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ اسد علی، محمد عرفان، وہاب ریاض اور جنید خان حریف کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ شارجہ میں کرکٹ کھیل کر خوب لطف اندوز ہوا،کسی بھی کھلاڑی کو منتخب کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، میں ڈراپ ہونے پر مایوس نہیں، خود کو فٹ رکھنے کیلیے سخت ٹریننگ کر رہا ہوں، اپنی کارکردگی سے قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کی خواہش ہے، مستقبل کی کرکٹ کے لئے خود کو فٹ رکھوں گا۔

مقبول خبریں