حکومت کاروبار دوست بجٹ لائے کنٹری منیجر انٹیل

آئی ٹی سیکٹر کے لیے ٹیکسوں کو ریشنلائز،تعلیمی مصنوعات پرچھوٹ دی جائے


Numainda Express June 09, 2013
تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی سے حکومت کو ریونیو، آئی ٹی سیکٹر کو فروغ ملے گا۔ فوٹو : فائل

انٹیل پاکستان کے کنٹری منیجر نوید سراج نے کہا ہے کہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا انحصار انفارمیشن ٹیکنالوجی پر ہے۔

پاکستان میں آئی ٹی مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں دی جانے والی چھوٹ واپس لینے سے آئی ٹی انڈسٹری متاثر ہوئی ہے، البتہ نئی حکومت آئندہ مالی سال 2013-14 کے لیے کاروبار دوست بجٹ متعارف کرائے، تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی سے نئی حکومت کو ریونیو حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں انٹیل کارپوریشن کی طرف سے نئے کم پاور خرچ کرنے والی اور کہیں زیادہ بہتر پرفارمنس دینے والی سلور مونٹ نامی نئی مائیکرو آرکیٹیکچر پراڈکٹس متعارف کرانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔



ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ریونیو حکومت کی ضرورت ہے اور ٹیلی کام سیکٹر ریونیو کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی چاہیے کہ کم ازکم ایسی آئی ٹی مصنوعات جو بچوں کی تعلیم کیلیے استعمال ہوتی ہیں انہیں ٹیکسوں سے چھوٹ دی جائے، آئی ٹی سیکٹر ٹیکسوں سے چھوٹ نہیں مانگتا ہے، صرف یہ کہتا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کے لیے ٹیکسوں کو ریشنلائزڈ کیا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی تیاری کیلیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

نئی حکومت کی طرف سے اہداف کا تعین اچھا اور خوش آئندہ اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملینیم ڈیولپمنٹ گولز حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹیل کارپوریشن کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی اس ٹیکنالوجی کو خصوصی طور پر اسمارٹ فونز سے لے کر ڈیٹا سینٹرز تک مارکٹ کے ان سیگمنٹس کے لیے بنایا گیا ہے جہاں پاور کا خرچ کم کرنے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، سلور مونٹ اس سال کے آخر میں مارکٹ میں متوقع پراڈکٹس کی ایک وسیع رینج کی بنیاد ہوگا۔