چین میں تفتیش کے بعد انٹرپول کے سربراہ نے استعفیٰ دیدیا

ویب ڈیسک  پير 8 اکتوبر 2018
انٹرپول کے سربراہ مینگ ہونگ چینی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے،چینی حکام

انٹرپول کے سربراہ مینگ ہونگ چینی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے،چینی حکام

بیجنگ .: چین سے  تعلق رکھنے والے انٹرپول کے سربراہ مینگ ہونگ وائی کئی دن سے لاپتہ تھے اور اب خبر آئی ہے کہ انہیں چینی حکام نے تفتیش کے لیے روکا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

مینگ ہونگ وائی چینی پولیس کے متعدد اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے کے بعد انٹرپول کے سربراہ منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد وہ ستمبر کے آخر میں چین گئے تھے جہاں سے ان کے لاپتہ ہونے کی خبریں زیرِ گردش کررہی تھیں، آج چینی حکام نے اعلان کیا کہ انہیں بعض معاملات پر بازپرس کے لیے چین میں روکا گیا تھا لیکن اب وائی نے اپنا استعفیٰ پیرس بھجوادیا ہے جہاں انٹرپول کا صدردفتر واقع ہے۔

اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے انٹرپول ترجمان نے کہا ہے کہ میگ ہونگ کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کرلیا گیا ہے۔

مینگ ہونگ وائی چین کے دورے پر گزشتہ ہفتے سے منظرِ عام سے غائب رہے جس کے بعد ان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔  چین کے حکام کا کہنا تھا کہ  انٹرپول کے سربراہ مینگ ہونگ چینی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

مینگ ہونگ کی اہلیہ گریس مینگ نے کہا کہ 25 ستمبر کو ان کا شوہر سے آخری بار رابطہ ہوا تھا اور انہوں نے ایک خنجر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کال کا انتظار کیا جائے، اس سے وہ سمجھی کہ ان کے شوہر خطرے میں ہیں اور انہوں نے اس کی اطلاع پریس کو دی تھی۔

مینگ ہونگ وائی اس سے قبل چین میں پبلک سیکیورٹی محکمے کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ پولیس، قانون سازی اور بین الاقوامی قانون کا 40 سالہ تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔