ملالہ سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی، شاہ رخ خان

ویب ڈیسک  پير 8 اکتوبر 2018
ملالہ یوسف زئی کی ملاقات کی درخواست پر شاہ رخ خان نے مثبت ردعمل دیا۔ فوٹو : فائل

ملالہ یوسف زئی کی ملاقات کی درخواست پر شاہ رخ خان نے مثبت ردعمل دیا۔ فوٹو : فائل

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے جلد ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔

بالی ووڈ کے کنگ خان اور ملالہ یوسف زئی کے درمیان ملاقات برطانوی یونیورسٹی آکسفورڈ میں متوقع ہے جہاں شاہ رخ خان طالب علموں سے اپنے تجربات اور مشاہدات سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے اور طالب علموں کے  سوالوں کے جواب دیں گے۔

شاہ رخ اور ملالہ یوسف زئی کے درمیان متوقع ملاقات کی کہانی کا آغاز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہوا جب آکسفورڈ یونیورسٹی سے ملحق لیڈی مارگریٹ ہال کالج کے پرنسپل ایلن رسبریڈگر نے اپنی ٹویٹ میں شاہ رخ خان کو مینشن کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے ایک مباحثے میں شرکت کی دعوت دی۔

https://twitter.com/Malala/status/1048956362875711488

ایلن رسبریڈگر جو کہ ایک صحافی بھی ہیں نے مباحثے میں شرکت کی دعوت 2016 میں ایک ٹویٹ میں دی تھی تاہم شاہ رخ خان کی نظر سے برطانوی پرنسپل کی ٹویٹ اوجھل رہی تھی۔

کہانی میں غیر متوقع موڑ اُس وقت آیا جب ملالہ یوسف زئی نے دو سال بعد برطانوی پرنسپل کی ٹویٹ کے جواب میں شاہ رخ کو لکھا کہ میں اب تک یونیورسٹی میں آپ کی آمد کی منتظر ہوں۔ خوش قسمتی سے یہ ٹویٹ شاہ رخ خان کی نظر سے اوجھل نہ رہ سکی اور معروف اداکار نے بے پناہ مصروفیت کے باوجود ٹویٹ کا جواب دیا۔

شاہ رخ کا ملالہ کی ٹویٹ کے جواب میں کہنا تھا کہ یقینی طور پر یہ ایک خوبصورت ملاقات ہوگی جو میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ میری ٹیم اس ملاقات کے جلد از جلد انعقاد کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔