ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے نوازشریف مریم اور صفدر کا وزارت داخلہ کو خط

ای سی ایل میں نام ڈال کر آئین کے آرٹیکل 4، 15 اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی، خطوط میں موقف


ویب ڈیسک October 10, 2018
نوازشریف، مریم اور صفدر کی جانب سے 4 اکتوبر کو وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے سیکرٹری داخلہ کو الگ الگ خط لکھے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ای سی ایل میں نام ڈال کر آئین کے آرٹیکل 4، 15 اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی، احتساب عدالت نے کرپشن کے الزام سے بری کیا اور نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی بنیاد پر سزا معطل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہائی کا حکم دیتے ہوئے کوئی پابندی نہیں لگائی اور کسی بھی عدالت نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم نہیں دیا، خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ہم قانون پر عملدر آمد کرنے والے شہری ہیں، احتساب عدالت نے عدم موجودگی میں سزا سنائی تاہم بیرون ملک سے رضا کارانہ طور پرواپس آکر گرفتاری دی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف، مریم اور صفدر کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام چیلنج

خطوط میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تینوں نے عدالت کے سامنے پیش ہونے کے بانڈز جمع کروا رکھے ہیں لہذا تینوں کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں۔ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے 4 اکتوبر کو وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی تھی۔

مقبول خبریں