وزیراعظم کا 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلیے ’’نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘‘ قائم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 10 اکتوبر 2018

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پانچ سالوں  میں  50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلیے ’’نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘‘ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کرانے کے لیے ’ نیا پاکستان ہاوسنگ ‘اتھارٹی قائم کی جائے گی جہاں ’ون ونڈو‘ سسٹم کے تحت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس اتھارٹی کی نگرانی بذات خود کروں گا، یہ اتھارٹی 90 دن میں قائم کی جائے گی تاہم جب تک اتھارٹی قائم نہیں ہوتی اس دوران ٹاسک فورس ہاؤسنگ اسکیم پر کام کرے گی۔

وزیراعظم نے  کہا کہ گھروں کی تعمیر پرائیویٹ ادارے کریں گے جب کہ رکاوٹیں ختم کرنا اور تعاون کرنا حکومت کا کام ہوگا، کنسٹرکشن انڈسٹری کی راہ میں قانونی رکاوٹوں کوبھی دور کریں گے،ہم عام لوگوں کو گھربنا کردیں گے،نوجوان کنسٹرکشن کمپنی خود شروع کریں اور انڈسٹری میں شامل ہوں ہماری کوشش ہے کہ بیروزگار نوجوان ہاؤسنگ اسکیم سے روزگار لیں۔

عمران خان نے کہا  کہ پاکستان کے 7 شہروں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کررہے ہیں، گھروں کے لیے60 دنوں میں رجسٹریشن مکمل کرنی ہے جب کہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر نیشنل فنانشل ریگولٹری باڈی تشکیل دیں گے یہ ریگولٹری باڈی کا قیام 60 دنوں میں ہوجائےگا۔

وزیراعظم نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ایک ہاؤسنگ اسکیم سرکاری ملازمین کیلیے شروع کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا  کہ  موجودہ بحران سے نکلنے اور قرضے کی قسطیں ادا کرنے کے لیے ہمیں مزید قرضے چاہیئں ،ماضی کی حکومتوں نے بےدردی سے قرضہ لیا اور اس وقت ملکی قرضہ 30ہزار ارب ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہے  جب کہ ہر سال 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے اگر منی لانڈرنگ روک دی جاتی تو آج ہمیں ڈالر کی کمی سامنا نہ ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔