خیبرپختون خوا میں عوامی نیشنل پارٹی كے مہنگائی كیخلاف احتجاجی مظاہرے

تبدیلی کا سونامی لانے والے مہنگائی کا سونامی لے آئے، مظاہرین 


ویب ڈیسک October 12, 2018
تبدیلی کا سونامی لانے والے مہنگائی کا سونامی لے آئے، مظاہرین  ۔ فوٹو : ایکسپریس

خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی کے خلاف خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں پشاور، نوشہرہ، صوابی، جمرود، الپوری، چكدرہ، ٹانک، دیربالا اور سخاكوٹ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی كے سیكریٹری جنرل میاں افتخارحسین نے كہا ہے كہ ملک میں مہنگائی كے خلاف پارٹی قائدین كی ہدایت پر تمام اضلاع میں احتجاج كررہے ہیں کیوں کہ مہنگائی كا جن بوتل میں بند كرنے والی موجودہ حكومت نے ہراشیاء خورد و نوش كوغریب عوام كی دسترس سے باہركردیا ہے۔

میاں افتخارحسین نے كہا ہے كہ موجودہ وزیراعظم نے ملک كو تباہی كے دہانے پر پہنچادیا ہے، پاكستان كی معیشت كا گراف افغانستان سے بھی نیچے گرگیا ہے، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک پاكستان كو قرض دینے كیلئے تیارنہیں لہذا حكومت ٹیكسوں اور مصنوعی مہنگائی میں اضافے كو فوری واپس لے۔

مظاہرین نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا، تبدیلی کا سونامی لانے والے مہنگائی کا سونامی لے آئے ہیں۔

مقبول خبریں