بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
کشمیری نوجوان کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

کشمیری نوجوان کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فوج نے گزشتہ شب جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان شبیر احمد ڈار کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔ نوجوان شبیر احمد ڈار کو ضلع پلوامہ کے ایک نواحی گاؤں میں شہید کیا گیا۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے دو ٹاؤن میں کرفیو نافذ کردیا ہے جب کہ اسی ضلع کے جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کی گئی ہیں۔ سرچ آپریشن آج بھی جاری رہے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے پی ایچ ڈی اسکالر کشمیری نوجوان شہید

ادھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اسکالر منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کی کوشش پر 3 طالب علموں کی رجسٹریشن کو معطل کردیا گیا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترجمان پروفیسر شفیع قدوائی نے میڈیا کو بتایا کہ تینوں طالب علم انتظامیہ کی اجازت کے بغیر یونیورسٹی کے کینیڈی ہال میں غائبانہ نماز جنازہ کا انعقاد کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 27 سالہ پی ایچ ڈی اسکالر منان وانی کو شہید کردیا تھا۔ منان وانی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے الائیڈ جیولوجی میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔